ڈپٹی کمشنر سکھرکے مارکیٹوں پر چھاپے ،مجموعی طور پر 29 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا

46

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ اور مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکاروں کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران کھانے پینے کی اشیا کی سرکاری نرخوں پر فروخت کو یقینی بنانے اور احترام رمضان آرڈیننس پر عملدر آمد کے سلسلے میں اچانک چھاپے اور مختلف مارکیٹس کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے ، تازہ کارروائیوں کے دوران 13سے زائد سبزیوں، پھلوں اور دیگر کھانے پینے کی اشیا کے دکانداروں پر مجموعی طور 29ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے گھنٹہ گھر سکھر اور دیگر علاقوں میں مختلف کھانے پینے کی اشیا کی مارکیٹس کا دورہ کرکے ریٹ لسٹیں چیک کیں اور شہریوں سے معلومات بھی حاصل کیں ۔ ڈی سی سکھر نے کھجور سمیت دیگر پھلوں، سبزیوں اور کھانے پینے کی مختلف اشیاء کے 7سے زائد دکانداروں کو زائد نرخوں میں اشیا کی فروخت کرنے پر مجموعی طور 23ہزار روپے جرمانہ عائد کیااور انہیں تنبیہ کی کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے ساتھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر ہ نرخوں پر عملدر آمد کیا جائے اور نرخ ناموں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کیاجائے تا کہ لوگ آسانی سے دیکھ سکیں ، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ اس موقع پر سکھر سٹی کے اسسٹنٹ کمشنراور مختار کار بھی موجود تھے ۔ تعلقہ نیو سکھر کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار نے مختلف مارکیٹس کا دورہ کرکے 5دکانداروں پر2ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ۔ اسی طرح تعلقہ روہڑی کے اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار نے تین دکانداروں سے2500روپے ، اسسٹنٹ کمشنر اور مختارکار صالح پٹ نے 2 دکانداروں سے1500 روپے جرمانہ وصول کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ