مکرانی مسجد کی نئی عمارت سکھر پیکیج کے تحت تعمیر ہوئی ہے، ڈپٹی کمشنر

82

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے بند روڈ پر واقع مکرانی مسجد کے پاس سے روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں اپنے آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سکھر نے کہا کہ بند روڈ سکھر شہر کا اہم روڈ ہے، جسے سیدھا کرنا نہایت ضروری ہے، تا کہ حادثات سے بچا جاسکے اورٹریفک کی روانگی کو بھی بہتر کیا جاسکے۔ اس موقع پر ڈی سی سکھر کو ایکسیئن سکھر ہائی ویز نے بتایا کہ مکرانی مسجد کی نئی عمارت سکھر پیکیج کے تحت تعمیر ہوئی ہے اور مسجدکی پرانی عمارت کو شہید ہونے سے قبل مشترکہ طور پر یہ طے پایا تھا کہ ٹریفک کی روانگی میں آسانی پیدا کرنے اور روڈ کو سیدھا کرنے کے لیے پرانی مسجد کی جگہ حکومت کی جانب سے نئی اسٹیٹ آف دی آرٹ مکرانی مسجد کی عمارت تعمیر کرائی جائے گی، جسے 8 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کرایا گیا ہے، پرانی مسجد کی عمارت کو علما کرام اور انتظامیہ کے مابین رضامندی سے شہید کیا گیا۔ ایکسیئن ہائی ویز نے بتایا کہ اب مسجد کے نزدیک روڈ کی تعمیر میں رکاوٹ کا باعث بننے والا ایک دوسرا گروپ سامنے آیا ہے جو کہ روڈ کی تعمیر کیخلاف ہے۔ ڈی سی سکھر نے متعلقہ ایکسیئن کو ہدایت کی کہ علما کرام سے جلد ایک اجلاس منعقد کیا جائے، جس میں پرانے ریکارڈ اور مکرانی مسجد کی نئی عمارت کی تعمیر کے متعلق معاہدے کو مد نظر رکھتے ہوئے روڈ کے مسئلے کو جلد حل کیا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ