الخدمت خواتین کے تحت باہمت یتیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم

45

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت خواتین کے تحت آرفن کیئرپروگرام میں رجسٹرڈ باہمت یتیم بچوں میں عید گفٹ تقسیم کیے گئے ۔عیدتحفے میں ملبوسات ،کھلونے ودیگر تحائف شامل تھے ۔ اس سلسلے میں الخدمت خواتین ونگ کے مرکزی آفس میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا،بیکن لائٹ اسکول کی
پرنسپل عذرا انور احمد مہمان خصوصی تھیں، جبکہ الخدمت ویمن ونگ ٹرسٹ کی صدر طلعت ظہیر ،صدر الخدمت خواتین منور اخلاص ودیگر ذمے داران تقریب میں موجودتھیں۔ تقریب میں بچوں کی مائیں اورسرپرست خواتین بھی شریک تھیں۔اس موقع پرعذرا انور احمد نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت بڑی سعادت کی بات ہے ۔نبی کریمؐ نے بھی ہمیں یتیم بچوں کی کفالت کی تعلیم دی ہے۔آرفن کیئر پروگرام میں رجسٹرڈ بچے بہت باہمت ہیں جو بڑے ہو کر کچھ کرنا چاہتے ہیں ،ان میں تعلیم کے حصول کی لگن ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ پڑھ لکھ کر بڑے آدمی بنیں ۔لہٰذاایسے بچوں کی مکمل سرپرستی ہمارا اخلاقی ودینی فریضہ ہے۔ طلعت ظہیر نے کہا کہ الخدمت خواتین یتیموں کی کفالت اوران کی تربیت کے حوالے سے مؤثر کام کر رہی ہے۔ اس عمل سے جہاں نیکیاں کمانے کا موقع ملتا ہے وہیں روحانی وقلبی اطمینان بھی حاصل ہوتا ہے ۔منور اخلاص نے کہا کہ بحیثیت مسلم معاشرہ پورے معاشرے کی ذمے داری ہے کہ وہ اس نیک عمل میں آگے آئے اور اپنی دینی واخلاقی ذمے داری پوری کرے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ