چاند نظر نہیں آیا: پاکستان اور بھارت میں عید کل منائی جائیگی

118
کراچی: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
کراچی: چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ آئی این پی) پاکستان، بھارت اور سری لنکا میں شوال المکرم کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالفطر (کل) بروز ہفتہ کو ہوگی جبکہ پشاور کی مسجد قاسم خان کے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی نے چاند دیکھنے کی 44 شہادتیں موصول ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے پختونخوا میں آج (جمعے کو) عید منانے کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب خلیجی ممالک متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ملائیشیا، ترکی، ہانگ کانگ، انڈونیشیا، جاپان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد وہاں آج مسلمان مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عیدالفطر منائیں گے۔ متحدہ عرب امارات کے مرکز فلکیات نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دوپہر میں ہی چاند دیکھ لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ماہ شوال 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں ہوا۔ کراچی کے علاوہ دیگر صوبائی اور ضلعی علاقوں میں رویت ہلال کی کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ دفاتر میں منعقد ہوئے جہاں علما کرام کی موجودگی میں شہادتیں جمع کرنے کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کیے گئے تھے۔ مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ماہرین فلکیات، وزارت مذہبی امور کے نمائندے اور رویت ہلال کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ چاند دیکھنے کا دورانیہ 39 منٹ تھا۔ اجلاس کے دوران ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا کہ آج(جمعہ) 30واں روزہ ہوگا اور عید کل بروز ہفتہ 16 جون کو منائی جائے گی۔ علاوہ ازیں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں ہوا، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شبقدر، بڈھ بیر اور باجوڑ ایجنسی سے 10 شہادتوں سمیت مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی 44 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ