لندن: کلثوم نواز کی طبیعت  بگڑ گئی، وینٹی لیٹر پر منتقل 

84

لندن ( مانیٹرنگ ڈ یسک )سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کیا اور کمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کو بدھ کی شب طیبعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا تھا۔ذرائع کے مطابق کلثوم نواز کو گزشتہ رات اسپتال کے ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا، پھر کلثوم نواز کو ایمرجنسی یونٹ سے آئی سی یو شفٹ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، بعد ازاں انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا تھا اور اب تک وہ وینٹی لیٹر پر ہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کو اب تک ہوش نہیں آیا ہے۔دوسری جانب نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم کے ساتھ کلثوم نواز کی عیادت کے لیے لندن پہنچ چکے ہیں اور شریف خاندان کے افراد اسپتال میں ہی موجود ہیں۔نوازشریف کو ہیتھرو ائرپورٹ پر بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیاگیا۔شریف خاندان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ کلثوم نواز کی صحت یابی کے لیے دعا کریں۔نواز شریف کے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ کلثوم نواز کی حالت نازک ہے، قوم سے دعاؤں کی اپیل ہے۔مریم نواز نے لندن روانگی کے موقع پر سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ میں اپنی والدہ سے ملنے اور انہیں گلے لگانے کے لیے بیتاب ہوں۔خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ