بالائی اور وسطی علاقوں میں کل  سے بارش کی پیشگوئی 

121

اسلام آباد(اے پی پی) عیدالفطر کی آمد ملک میں بارش کی نوید لے کر آئے گی جس سے آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت کم ہو جائے گی، بارش کا سبب بننے والی ہوائیں (آج) جمعہ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں (کل)ہفتے کو پری مون سون بارش کا آغاز ہو جائے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق عید کی تعطیلات (ہفتہ، اتوار اور پیر )کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ،سرگودھا،لاہور،فیصل آباد ڈویژن)، خیبرپختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواؤں وآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔(آج) جمعہ کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم ملاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں وآندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا۔ اس دوران ملک میں گرم ترین مقامات پر درجہ حرارت سبی 50، لاڑکانہ 49، جیکب آباد، موہنجوداڑو 48، دادو، پشاور، سکھر میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ