نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ملک کی جگ ہنسائی ہوئی، پرویز خٹک

67

نوشہرہ کینٹ (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، یہ بات طے ہے کہ ڈاکو حکمرانوں کو سسٹم سے نکالے بغیر ترقی کے راستے نہیں کھل سکتے، یہی وجہ ہے کہ عمران خان پاکستان میں لوٹ مار کیخلاف جہدوجہد کر رہے ہیں۔ پورا پاکستان تحریک انصاف کی طرف رواں دواں ہے۔ آئندہ انتخابات میں پیداگیر اور دھوکے باز سیاستدانوں کا چوں چوں کا مربہ ختم ہو جائے گا۔ پی پی پی اور اے این پی کا دور ختم ہو چکا ہے، مولانا فضل الرحمن کی سیاست اسلام کی نہیں بلکہ اسلام آباد کے لیے ہے۔ ہم اس ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ عوام کی طاقت سے چاروں صوبوں اور وفاق میں حکومت تحریک انصاف ہی کی ہو گی اور عمران خان ہی اس ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظام پور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ادریس خٹک، دیگر مقامی قائدین اور نمائندوں نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ پرویز خٹک نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ایجنڈا قوم کے سامنے رکھا تھا، ہم نے خیبر پختونخوا میں عملدرآمد کر کے دکھایا۔ ہم گزشتہ 5 سالوں میں سابق حکمرانوں کا کئی دہائیوں سے پھیلا ہوا گند صاف کر رہے ہیں۔ سابق دور میں رشوت ، سفارش اور اقرباء پروری اپنے عروج پر تھی۔ ایزی لوڈ کلچر نے صوبے کو تباہ کر دیا تھا۔ اگر عوام بروقت درست فیصلہ کرتے تو انہیں فریادیں نہ کرنی پڑتیں۔ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان میں بجلی ، پانی ، تعلیم ، صحت جیسے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے مگر ہمیں ان تمام مسائل کی جڑ کو اکھاڑ کر باہر پھینکنا ہو گا۔ ان سارے مسائل کی بنیادی جڑ کرپٹ سسٹم اور ڈاکو حکمران ہیں ۔ انہوں نے عندیہ دیا کہ وہ صوبے کے تمام حلقوں میں بہترین امیدوار سامنے لائیں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ