پاکستان میں مکمل سیریز‘ آئر لینڈ پی سی بی کی دعوت کا منتظر

77

ڈبلن(جسارت نیوز) کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوٹروم نے کہا ہے کہ ڈبلن میں یادگار ٹیسٹ میچ سے دونوں ملکوں کے مابین کرکٹ روابط مزید مضبوط ہوئے، سیکورٹی مناسب، حالات سازگار ہوں توبڑی مثبت سوچ کے ساتھ ٹورکا فیصلہ کریں گے۔ایک انٹرویو میں کرکٹ آئرلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوٹروم نے کہا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی ڈبلن ٹیسٹ کے دوران آئے تھے، مجھے ابھی معلومات حاصل نہیں ہیں کہ ان کی آئرش ہم منصب سے کیا بات ہوئی، فی الحال یہ بھی نہیں کہہ سکتا کہ اس ضمن میں کوئی پیشرفت بھی ہوئی ہے یا نہیں لیکن ہم کئی برسوں سے پی سی بی کوکہہ رہے ہیں کہ جب بھی آپ سمجھیں کہ سیکورٹی مناسب، حالات سازگار ہیں، مالی لحاظ سے بھی درست فیصلہ ہے تو دعوت دیدیں، ہم بڑی مثبت سوچ کیساتھ فیصلہ کرینگے۔ڈیوٹروم نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ پی سی بی پوری تیاری اور حالات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی ہمیں بلانے کیلئے درست وقت کا انتخاب کرے گا، میزبان بورڈ اپنے سیکورٹی انتظامات کا خود اطمینان کرنے کے بعد آئرلینڈ کرکٹ کو آگاہ کرے گا تواس کو سنجیدہ لیتے ہوئے کھلاڑیوںِ، حکومت، انشورنس کمپنی کیساتھ بات کریں گے، اگر تمام مطمئن اور راضی ہوجاتے ہیں تو ٹیم پاکستان بھجوانے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ڈیوٹروم نے واضح کیا کہ ابھی تک کرکٹ آئرلینڈ کو پی سی بی کی جانب سے کوئی باضابطہ دعوت موصول نہیں ہوئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ