***۔۔۔۔۔۔پنجاب ۔۔۔۔۔۔***

42

اسلام آباد(اے پی پی) محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت گوجرانوالہ، سرگودھا ڈویژن، خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر وسطی جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور زیارت میں کہیں کہیں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں10، قصور04، فیصل آباد02، ،خیبرپختونخوا کے علاقے کالام میں 11، دیر10، بالاکوٹ، رسالپور، لوئر دیر 06، پاراچنار 05، میرکھانی03، کاکول، کوہاٹ 02، کشمیر میں گڑھی دوپٹہ اور مظفرآباد کے مقام پر03 ملی میٹررریکارڈ کی گئی۔گزشتہ روز سب سے زیادہ گرم ترین مقام سبی رہا جس کا درجہ حرارت 45، تربت، مٹھی، چھور، پڈعیدن اور حیدرآباد میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا*پاکستان سمیت دنیابھر میں انٹرنیشنل میوزیم ڈے(آج) جمعہ کو بھر پور طریقے سے منایاجائے گا۔ اس موقع پر ملک بھر کے عجائب گھروں اور دیگر مقامات پر خصوصی تقریبات ، واکس ، سیمینارز، کانفرنسزوغیرہ کا اہتمام کیاجائے گا جن کا مقصد عوام کے اندر اپنی تہذیب، ثقافت، تاریخ کو محفوظ رکھنے کے بارے میں شعور اجاگر کرناہے۔ یاد رہے کہ عجائب خانوں کی عالمی تنظیم انٹر نیشنل کونسل آف میوزیمز نے 18 مئی 1977ء کے اجلاس میں 18 مئی 1978 ء سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ اقوام متحدہ کے تمام ممبر ممالک میں انٹرنیشنل میوزیم ڈے منانے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں 27عجائب گھر قائم ہیں* رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی تجارتی مراکز میں رمضان بازار سج گئے، پکوڑے، سموسے، جلیبی کے سٹال اور دیگر اشیائے خوردونوش، کھجوروں اور پھل کے ٹھیے بھی جابجا دکھائی دینے لگے، تجارتی مراکز میں رمضان المبارک کے موقع پر نمازیوں کی سہولت کے لیے خصوصی رمضان بازار منعقد ہوتے ہیں اور افطار اور سحر کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں، رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تجارتی مراکز اور اہم چوک چوراہوں پر پھل فروشوں ، پکوڑے، سموسے، جلیبی، فروٹ چاٹ، دہی بھلے، باربی کیو کے سٹال دکھائی دینے لگے۔ بیکریوں اور ہوٹل مالکان نے بھی اپنی دکانوں کے سامنے خصوصی سٹال قائم کر لیے، ٹھنڈے روایتی اور غیر روایتی مشروبات کے بھی سٹال دکھائی دینے لگے* رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مساجد میں اجتماعی افطاریوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ رمضان المبارک کے موقع پر بڑی تعداد میں نمازیوں کو مساجد میں اجتماعی افطاری میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ مسافروں، نادار اور مسحق افراد کو ان افطار پروگراموں میں خصوصی طور پر شامل کیا جاتا ہے جس کا مقصد روزہ رکھانے اور روزہ کھلوانے کا ثواب حاصل کرنا ہے، بعض صاحب استطاعت جو کسی بیماری کی وجہ سے روزہ رکھنے کی صلاحیت نہیں رکھتے وہ جذبہ کے طور پر غریب مساکین کو روزہ رکھواتے ہیں اور بیشتر افراد اپنا فدیہ مساجد اور سماجی حلقوں کی ان تنظیموں کے حوالے کردیتے ہیں جو عملی طور پر اجتماعی سحر و افطار کے دستر خوان سجاتے ہیں، ملک کے دیگر حصوں کی طرح جڑواں شہروں میں بھی مختلف مقامات پر اور مساجد میں اجتماعی افطار کے دستر خوان باقاعدگی سے سجانے کا اہتمام شروع ہو گیا ہے، بعض مساجد اجتماعی سحری کا بھی بندوبست کریں گی، بعض دینی و فلاحی تنظیموں نے بھی مخیر حضرات سے عطیات کی اپیلوں والے بینرز اور پوسٹرز آویزاں کر رکھے ہیں تا کہ ان کے تعاون سے یہ سلسلہ جاری رکھا جا سکے* ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے واسا کو ریو نیو ریکوری، کمرشل و گھریلو میٹرز اور غیر قانونی کنکشنز کی چیکنگ کیلیے خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ واسا کے منیجنگ ڈائریکٹر کو حکم دیاگیا ہے کہ وہ فوری طور پر اعلیٰ افسران اور انتظامی حکام پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دیں جو یونین کونسل کی سطح پر جا کر غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنے فرائض کی سر انجام دہی یقینی بناتے ہوئے متعلقہ حکام کو رپورٹ فراہم کرسکیں۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد کے ترجما ن نے بتایا کہ ڈ ی سی فیصل آباد نے واسا افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر میں سیوریج سسٹم کی بہتری کیلیے بھی اقدامات یقینی بنائیں تاکہ مختلف علاقوں کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کو حل کیاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ ڈی سی کے علم میں یہ بات لائی گئی تھی کہ کئی علاقوں میں سیوریج اور پینے کے پانی کی سہولت حاصل کرنے والے اکثر افراد نے غیرقانونی کنکشن حاصل کررکھے ہیں اور وہ کوئی واجبات بھی ادا نہیں کرتے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ