حیدر آباد، ترقی پانے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں تقریب

58

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی ہدایت پر ایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ کی جانب سے سپاہی سے ہیڈ کانسٹیبل پروموشن پانے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں ایک سادہ اور پروقار تقریب پولیس ہیڈکواٹر حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ایس پی سٹی زاہدہ پروین، حیدرآباد ضلع کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے بھی شرکت کی ۔ دو لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت ترقی پانے والے 98 پولیس اہلکاروں کو ایس ایس پی حیدر آباد سید پیر محمد شاہ، ایس پی سٹی زاہدہ پروین اور سینئر ایس ڈی پی او لطیف آباد ایوب درانی نے پروموشن رینک لگائے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی حیدرآبادنے کہا ترقی پانے والوں کے لیے آج کا دن نہایت خوشی اور اطمینان کا ہے اورآپ کی اس خوشی میں ہم سب بھی آپ کے ساتھ ہیں۔ سپاہی محکمہ پولیس کی ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہیں ۔ امن و امان میں ان کا بہت بڑا اور مؤثر کردار ہے۔ دن رات تپتی دھوپ ہو یا سخت سردی سپاہی عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم عزم و حوصلہ سے اپنے فرائض کی ادائیگی کے لیے سر گرم رہتا ہے۔ آپ سب کو ترقی پانے پر مبارک باد کے ساتھ امید ہے کے ترقی پانے کے بعد آپ کی ذمے داریوں میں جو اضافہ ہوا ہے آپ سب اس کو نہایت احسن طریقے سے اپنی ذمے داریوں کو نبھائیں گے۔ آپ عوام سے خوش اخلاقی اور ملنساری سے پیش آئیں اور ان میں احساس اپنایت پیدا کریں تاکہ ہر قسم کی صورتحال کو بہتر سے بہتر طریقے پرسر انجام دے سکیں۔ تقریب میں سندھ الیکٹرک ڈیکوریشن اینڈ ایکو ساؤنڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبداسلام نظامی، صدر اشفاق الدین و دیگر عہدیداران کی جانب سے اچھی کارکردگی پر ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس اسٹاف کو شیلڈ اور اجرک کا روایتی تحفہ پیش کیا گیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ