جھڈو، متعدد کالونیوں کے مکین قلت آب کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

45

جھڈو (نمائندہ جسارت) متعدد کالونیوں کے مکین قلت آب کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے، ٹاؤن کمیٹی کے سامنے مین شاہراہ پر احتجاج، ٹاؤن انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی، جلد پانی فراہم کرنے کا مطالبہ۔ جھڈو کے وارڈ نمبر 9،10،11، ہاشم کالونی، عاشق کالونی، کچھی کالونی، صغیر کالونی کے باشندوں نے پانی کی قلت کے خلاف علی احمد رند اور مجید راہموں کی قیادت میں جھڈو میرپورخاص مین شاہراہ پر ٹاؤن کمیٹی آفس کے سامنے احتجاج کیا اور سڑک پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے، پانی کی قلت کا شکار علاقہ مکینوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 روز سے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں گھروں میں رفع حاجات اور مساجد میں وضو کے لیے پانی دستیاب نہیں ہے، سخت گرمی میں پانی کی قلت سے ان کی زندگی اجیرن ہو کر رہ گئی ہے، ہم علاقہ مکین ٹاؤن کمیٹی کے چکر لگا لگا کر تھک گئے ہیں۔ آفس میں چیئرمین اور ٹاؤن آفیسر سمیت کوئی ذمے دار موجود ہی نہیں ہے تا ہم اپنی داد فریاد کس کے پاس لے کر جائیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقوں میں جلد از جلد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ مظاہرین نے دو گھنٹے تک احتجاج کیا جس سے دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگیا اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ