اسرائیلی ظلم مسلم امہ کے داخلی انتشارکانتیجہ ہے،عاکف سعید

62

کراچی (پ ر)غزہ میں محصور فلسطینیوں پر بڑھتے ہوئے اسرائیلی مظالم مسلم اُمت کے داخلی انتشار کا نتیجہ ہیں ۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں جس قدر انتشار اور افراتفری بڑھ رہی ہے اتنا ہی دشمن قوتوں کو شہ مل رہی ہے اوروہ بے دریغ مسلمانوں کا لہو بہا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلم اُمہ کا انتشار اسی طرح جاری رہا تو اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو دنیا سے نیست و نابود کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گی ۔ عالم اسلام میں اس وقت سوائے طیب اردوان کے کوئی ایسا لیڈر نہیں ہے جس کو اُمت کے اتحاد و اتفاق اور اُس کے اجتماعی مسائل کے حل کی فکر ہو ۔ انہوں نے کہا کہ طیب اردوان کا یہ قدم قابل تحسین ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر
اُمت مسلمہ کو متحد ہونے کی دعوت دی ہے ۔اللہ کرے مسلمان اُمت کے دیگر راہنماؤں کو بھی وقت اور حالات کی نزاکت کا ادراک ہو جائے اور وہ بھی طاغوتی قوتوں کے خلاف کوئی مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے میں سنجیدہ ہو جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو جزوقتی مفاد اور اقتدار کو نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اجتماعی سطح پر اُمت مسلمہ کے مفاد کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنا چاہییں اور چاہیے کہ وہ دشمن کو یک زبان ہو کر جواب دیں ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ