شاہی محل پر حملے کے بعد سے سعودی ولی محمد بن سلمان منظرسے غائب

271

ماسکو/ تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گزشتہ کچھ عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں جس کے بعد ایرانی و روسی میڈیا نے ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں شروع کردی ہیں۔ روسی نشریاتی ادارے کی رپورٹ نے ایرانی میڈیا کے حوالے سے بیان کیا ہے کہ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کچھ عرصے سے منظر عام سے غائب ہیں اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شاہی محل میں پیش آنے والے مبینہ فائرنگ کے واقعے کے بعد ان کی صحت ٹھیک نہیں۔ایران کے اخبار ’روزنامہ کیھان‘ نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے ایک خفیہ رپورٹ نامعلوم عرب ملک کو بھجوائی گئی ہے جس کے مطابق 21 اپریل کو ریاض کے شاہی محل پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں محمد بن سلمان مبینہ طور پر زخمی ہوئے، اس کے بعد سے وہ کسی عوامی مقام پر نظر نہیں آئے۔ایک اور ایرانی نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے بعد سے سعودی حکام کی جانب سے محمد بن سلمان کی کوئی تصویر یا وڈیو جاری نہیں کی گئی اور جب اپریل کے آخر میں امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے پہلے دورے پر ریاض پہنچے تھے تو اس موقع پر بھی محمد بن سلمان کہیں دکھائی نہیں دیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ