اہم خبریں

109

شریف خاندان کے لیے نیب کا 127 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار

اسلام آباد(آن لائن) شریف خاندان کے خلاف قومی احتساب بیورو کا 127 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تیار کر لیا گیا۔ سوال نامہ میں سوالات دیکھ کر سابق وزیراعظم نوا زشریف اضطراب میں مبتلا ہو گئے۔ گزشتہ روز اسلام آباد
کی احتساب عدالت نمبر 1 کے جج نے ایون فیلڈ پراپرٹی میں 127 سوالات پر مشتمل سوالنامہ تحریری کروا کر کا پیاں وکلا کو فراہم کر دی ۔

سندھ ہائیکورٹ ‘ساجد جوکھیوکی ہلاکت پر پولیس رپورٹ مسترد کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ضلع بے نظیر آباد کی تحصیل قاضی احمد کی پولیس تحویل میں نوجوان ساجد جوکھیو کی ہلاکت کی پولیس رپورٹ مسترد کردی ۔ قانون کے طلبہ کے امتحانی نتائج میں تاخیر کے خلاف دائر درخواست پر کنٹرولر
امتحانات جامعہ کراچی اور سیکرٹری بورڈ سمیت دیگر کو آج طلب کرلیاجبکہ صوبے بھر میں اتائی ڈاکٹروں کے خلاف حکومتی کارروائی کا معاملہ،عدالت نے سماعت10 اگست تک ملتوی کردی تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ضلع بے نظیر آباد میں پولیس کی تحویل میں نوجوان ساجد جوکھیو کی ہلاکت پرازخودنوٹس کیس کی سماعت کے موقع پر پرڈی آئی جی بے نظیر آباد اور متعلقہ ایس ایس پی سمیت دیگر پولیس اہلکار پیش ہوئے ۔عدالت نے ڈی آئی جی احمد یار چوہان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ مدعی کی درخواست پر درج کیا گیا اورملزم گرفتار نہیں کیے، آپ نے کیا کام کیا ، جس پر ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ تفتیش جاری ہے، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس رپورٹ میں کچھ نہیں، ملزمان کب گرفتار کریں گے، جس پر ڈی آئی جی کوئی جواب نہیں دے سکے۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے قانون کے طلبہ کے امتحانی نتائج میں تاخیر کے خلاف جامعہ کراچی کے شعبہ قانون کے طلبہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ،سماعت کے دوران عدالت نے جامعہ کراچی کی جانب سے نتائج میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ریمارکس میں قرار دیا کہ ایسے نااہل شخص کو کیوں عہدہ دیدیا ہے جو اپنا کام نہیں کر سکتا ہے ،کنٹرولر کا کام امتحانی انتظامات وقت پر مکمل کرنا ہے اور ایسے کنٹرولر ہونگے تو کیسے کام ہوگا، اگر آج کنٹرولر امتحانات پیش نہیں ہوئے تو پیر کو شیخ الجامعہ کو طلب کریں گے،سندھ ہائیکورٹ میں صوبے بھر میں اتائی ڈاکٹروں کیخلاف حکومتی کارروائی کا معاملہ،عدالت نے سماعت10 اگست تک ملتوی کردی۔

پاکستان کا فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی‘ مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ

نیویارک (اے پی پی) پاکستان نے فلسطینیوں کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے او آئی سی کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیل کے حالیہ تشدد کی مذمت کیے جانے کا بیان جاری کرنے میں ناکامی کو افسوسناک قرار
دیا ہے جو امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی پر احتجاج کر رہے تھے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کے رکن ممالک کے سفیروں کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس المناک تشدد کے واقعے کو پوریی دنیا نے ٹی وی کی اسکرینوں پر دیکھا اور بین الاقوامی برادری کے سامنے فلسطینیوں پر بہیمانہ فائرنگ کا یہ واقعہ رونما ہوا جبکہ سلامتی کونسل امریکا کی مخالفت کے باعث اسرائیل کی مذمت کا بیان تک جاری نہ کرسکی۔ او آئی سی کے رکن ممالک کے سفیروں کا یہ ہنگامی اجلاس ترکی کی درخواست پر بنگلا دیش نے طلب کیا۔ بنگلا دیش ان دنوں او آئی سی کے وزرا کی کو نسل کا سربراہ ہے۔ پاکستانی مستقل مندوب نے فلسطین کے صدر محمود عباس کی طرف سے اس سال امن کانفرنس بلائے جانے کے مطالبہ کی حمایت بھی کی ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتخانے کی منتقلی بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے کیونکہ مقبوضہ علاقے میں جبر اور ظلم کے ذریعے سفارتخانہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔

خورشید شاہ کی طبیعت اچانک خراب ،پمز اسپتال منتقل کردیا گیا

اسلام آباد( آن لائن) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو سحری کے بعد اچانک دل میں گھبراہٹ اور تکلیف کے باعث علی الصبح 5بجے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کا فوراً ای سی جی بلڈ پریشر اور دوسرے ٹیسٹ کروائے لیکن تمام ٹیسٹ اور بلڈ پریشر نارمل رہے3گھنٹے آبزرویشن میں رکھنے کے بعد ان کو گھر بھیج دیا گیا ۔

وطن کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں،جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی(آئی این پی)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جب کوئی سپاہی شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے کہ میرے جسم کا کوئی حصہ جدا ہو گیا ہے، وہ رات گزارنا میرے لیے بہت مشکل ہوتا ہے مگر ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ جمعرات کو
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق شہید کرنل سہیل عابد کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب کوئی سپاہی شہید ہوتا ہے تو لگتا ہے کہ میرے جسم کا کوئی حصہ جدا ہو گیا ہے، وہ رات گزارنا میرے لیے بہت مشکل ہوتا ہے مگر ہم اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے کرنل سہیل عابدکے کم سن بیٹے احمد کو گلے لگایا اور اسے تسلی بھی دی ، اس کی تصاویر بھی ٹوئٹر پر جاری کی گئیں۔

سندھ ہائیکورٹ:نواز شریف کیخلاف غداری کا مقدمہ‘ وکیل کو تیاری کیلیے مہلت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف غداری کے مقدمے کے اندراج اور ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے متعلق دائر درخواست پر درخواست گزار کے وکیل کو مزید تیاری کے لیے 25مئی تک کی مہلت دے دی ۔ جسٹس محمد
اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں 2رکنی بینچ نے نااہل سابق وزیر اعظم کے خلاف غدداری کے مقدمے سے متعلق تحریک انصاف کے نائب صدر درخواست گزار حلیم عادل شیخ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔سماعت کے دوران بینچ کے رکن و جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ بتائیں نواز شریف کا بیان آرٹیکل 6اور غداری کے زمرے میں کیسے آتا ہے ؟ کیا نیشنل سیکورٹی کمیٹی نے بھی اس بیان کو غداری قرار دیا ہے جبکہ آ پ نے غداری کے مقدمے کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رابطہ کیوں نہیں کیا ؟ جس پردرخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے جس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو مذکورہ درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کی۔دائر کردہ درخواست میں سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن ،سیکرٹری وزارت داخلہ ،سیکرٹری وزارت اطلاعات اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ 12مئی 2018ء کو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے ممبئی حملے میں پاکستانی عسکریت پسند تنظیموں کے ملوث ہونے کا انٹرو یو دیا تھا جو کہ بد نیتی پر مبنی ہے اور اس انٹرویو سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے جبکہ اس انٹرویو کے سبب بھارت کی طرف سے بھی ہر زا سرائی شروع کردی گئی ہے ، نواز شریف نے ممبئی حملوں سے متعلق بیان دے کر غداری کی۔ لہٰذا استد عا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ملکی آئین کے تحت غداری کا مقدمہ درج کرنے کے ساتھ ای سی ایل میں نام بھی شامل کیا جائے اورپیمرا کو نواز شریف کی تقاریر نشر کرنے سے روکا جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ