حق و سچ بات کہنے اور لکھنے کی پاداش میں صحافیوں کو جبر کا سامنا رہا

117

گوادر (نمائندہ جسارت) صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن اور دیگر کا گوادر پریس کلب کا دورہ۔ صحافیوں سے ملاقات اور اظہار یکجہتی۔ صحافت ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے، حق و سچ بات کہنے اور لکھنے کی پاداش میں انہیں ہمیشہ ظلم و جبر کا سامنا رہا ہے۔ صحافیوں کی جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمن نے صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوادر پریس کلب کا دورہ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن بلوچ اور جیونی کے امیر امام دلوش صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گوادر پریس کلب کے دورے پر پہنچے۔ اس موقع پر گوادر پریس کلب کے نائب صدر اختر ملنگ اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے گوادر پریس کلب کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک پیغمبرانہ پیشہ ہے، جو مفاد عامہ کے لیے کی جاتی ہے۔ کسی بھی ریاست میں صحافت چوتھے ستون کا درجہ رکھتی ہے، مملکت خدا داد میں صحافیوں نے ہر دور میں اپنے قلم کی طاقت سے حق و سچ کا پرچم بلند کیے رکھا۔ حق و سچ کہنے اور لکھنے کی پاداش میں انہیں ظلم و جبر کا سامنا کرنا پڑا، بعض کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے گوادر سمیت دنیا بھر کے ذمے دار اور مثبت طرز صحافت اور عوامی مسائل اجاگر کرنے والے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ