سی پیک سے ترقی کا فائدہ طلبہ کو ملے گا ، کمانڈنگ آفیسر گوادر

104

گوادر (نمائندہ جسارت) طلبہ اپنی زیادہ تر توجہ تعلیم پر دیں۔ آج کا طالبعلم کل کا ذمے دار شہری بن جائے گا۔ ملک دشمن عناصر پر کھڑی نظر رکھی جائے۔ سی پیک سے گوادر ترقی کرے گا جس کا فائدہ یہاں کے مقامی طلبہ کو ملے گا۔ کمانڈنگ آفیسر واصف کا شمبے اسماعیل اسکول کی تقریب سے خطاب۔ اسکول میں پانی و بجلی کے مسئلے کو حل کرانے کی یقین دہانی۔ یتیم و غریب طلبہ کے لیے فوج کی طرف سے ایک سال کے اخراجات کی ادائیگی کا اعلان۔ گزشتہ روز پاک آرمی کی طرف سے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول شمبے اسماعیل وارڈ گوادر میں ایک سادہ و پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آرمی کے کمانڈنگ آفیسر واصف، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عبدالوہاب مجید، ہیڈ ماسٹر اسکول برکت ندیم و دیگر اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنگ آفیسر واصف نے گوادر سی پیک کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک سے گوادر بہت ترقی کرے گا ابھی ہمیں فوری طور پر اس کے ثمرات نظر نہیں آرہے لیکن آگے جاکر ہمیں ترقی نظر آئے گی اور اس میں ہم اس وقت مستفید ہوں گے۔ آج طلبہ اپنی زیادہ تر توجہ تعلیم پر دیں گے اور فراغت کے بعد آپ ہی گوادر میں آرمی کے کمانڈنگ آفیسر، بریگیڈئر، ڈپٹی کمشنر و دیگر عہدوں پر فائز ہوں گے۔ آج جو گوادر کے بڑے محکموں میں افسران اگر دیگر اضلاع کے ہیں اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ یہاں کے لوگ اس ہدف کو پورا نہ کرپائے۔ اگر آپ محنت کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ان پوسٹوں پر گوادر کے بچے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر قومیت و لسانیت کے نام پر ہمیں لڑانا چاہتے ہیں اور ملک کیخلاف نفرت پھیلانے والوں پر ہمیں کڑی نظر رکھنا چاہیے۔ وہ ہمارے سادہ لوح و معصوم بچوں کے ہاتھوں میں بندوق تھما دینا چاہتے ہیں اگر آپ نوجوانوں کو بندوق تھامنے کا شوق ہے تو اس کو آرمی پورا کرے گی۔ ہم آپ کو تعلیم کے بعد آرمی میں بھرتی کرواکے بندوق آپ کے ہاتھ میں دیں گے تاکہ آپ ملک کی حفاظت میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و اسکول کے مسائل سنے، طلبہ کی جانب سے گوادر کے داخلی راستوں پر پاک فوج کی چیک پوسٹوں پر طلبہ نے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا، انہوں نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے معزز اساتذہ کو ان چیک پوسٹوں پر سہولت دینے کے لیے پاک فوج کی طرف سے ایک مخصوص علامتی کارڈ کا اجراء ڈی ای او کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا تاکہ اساتذہ کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے اسکول میں بجلی کے مسئلے کے لیے سولر سسٹم اور پانی کے لیے پلانٹ کی تنصیب کے لیے فزیبلیٹی رپورٹ تیار کرنے کے بعد اس پر کام کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ آخر میں انہوں نے اسکول کے پانچ یتیم و غریب طلبہ کے ایک سال کی تعلیمی اخراجات پاک فوج کی طرف سے ادا کرنے کے لیے نقد رقم ہیڈ ماسٹر کے حوالے کی۔ ڈی ای او گوادر، اسکول ہیڈ ماسٹر، اساتذہ و طلبہ نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ