انتخابات سے متعلق ووٹروں کو تربیت فراہم کرینگے، الیکشن کمشنر گوادر

105

گوادر (نمائندہ جسارت) الیکشن کمشنر گوادر عبدالواحد بلوچ نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن مختلف ورکشاپ اور ٹریننگ کا انعقاد کررہا ہے، ٹریننگ کا مقصد آئندہ ہونے والے انتخابات آزادانہ و شفاف اور منصفانہ طریقے سے قرار پائے۔ مذکورہ ٹریننگ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں عام انتخابات سے متعلق ٹریننگ سینٹر کے معائنے اور جائزہ کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018ء میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے اور عوام کو جمہوری عمل میں شامل کرنے کے لیے ہر سال کی طرح انتخابات سے پہلے سالانہ نظرثانی پروگرام کے تحت ووٹر فہرستوں کو کسی بھی ابہام سے پاک کرنے کا شیڈول جاری کیا ہے تاکہ عوام اپنے ووٹ کی جانچ پڑتال کرلیں۔ اگر کوئی غلطی یا درستگی اندراج یا پھر غلط درج شدہ ووٹ کا اخراج کروانا ہو تو وہ اپنے قریب ترین ڈسپلے سینٹر پر جا کر ووٹر لسٹوں کو چیک کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈسپلے سینٹروں پر ووٹ کے اندراج، منتقلی، اعتراض، اخراج اور درستگی کو کوائف کے فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ میں 30 اپریل 2018ء تک توسیع کردی ہے۔ عوام سے التماس ہے اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اندراج و منتقلی ووٹ کے لیے فارم 15، اعتراض و اخراج ووٹ کے لیے فارم 16 اور درستگی کوائف کے لیے فارم 17 اپنے قریبی ڈسپلے سینٹروں یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر میں جمع کروائیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ