نیپال میں بنگلا دیش کا مسافر طیارہ تباہ،50افراد ہلاک

537
کٹھمنڈو، بنگلہ دیشی ائرلائن کا تباہ ہونے والا مسافر طیارہ جائے وقوع پر پڑا ہے
کٹھمنڈو، بنگلہ دیشی ائرلائن کا تباہ ہونے والا مسافر طیارہ جائے وقوع پر پڑا ہے

کٹھمنڈو/ اسلام آباد (آن لائن) نیپال میں بنگلادیش کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش کا مسافر طیارہ نیپال کے کٹھمنڈو ائر پورٹ پر لینڈنگ کر رہا تھا کہ اسی دوران طیارے میں آگ لگ گئی جس کے بعد جہاز ہچکولے کھانے کے بعد رن وے کے قریب میدان میں گر کر تباہ ہو گیا۔ طیارے سے فلک بوس شعلے بھڑک اُٹھے اور ائرپورٹ کی فضا دھوئیں سے بھر گئی۔ ریسکیو ادارے نے جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغازکردیا۔ طیارے میں 71 افراد سوار تھے جن میں17 مسافروں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نیپال کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے لیے سول ایوی ایشن کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ حادثے کے بعد ائر پورٹ کی تمام پروازوں کو معطل کردیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان نے کٹھمنڈو ائرپورٹ پر بنگلا دیش کے طیارے کے حادثے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کٹھمنڈو ائرپورٹ پر بنگلا دیشی مسافر طیارے کے حادثے پر افسردہ ہیں جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیا ع ہوا ہے‘ پاکستان غمزدہ افراد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتاہے ۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ