فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی حملے‘ نوجوان شہید‘ 73 زخمی

98
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید فلسطینی نوجوان کا جنازہ آخری آرام گاہ کی جانب لے جایا جا رہا ہے
مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیلی فوج کے ہاتھوں شہید فلسطینی نوجوان کا جنازہ آخری آرام گاہ کی جانب لے جایا جا رہا ہے

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان القدس اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینی شہریوں کا احتجاج جاری ہے۔ فلسطین بھرمیں جمعہ کے روز نماز کے اجتماعات کے بعد ٹرمپ کے اعلان القدس کے خلاف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے پرامن فلسطینی ریلیوں پر طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید اور کئی زخمی ہوگئے ۔فلسطینی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردی ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج نے الخلیل شہر میں الزاویہ کے مقام پر دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 سالہ محمد زین جعبری کو شہید کردیا۔ وزارت صحت کے مطابق جعبری کو اسرائیلی فوج نے گولیاں ماریں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔اسے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔فلسطینی خبر رساں ادارے ’وفا‘ کے مطابق شہید جعبری معذور تھا۔ اس کے باوجود قابض فوج نے اسے گولیاں مار کر شہید کردیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی کی سرحد، غرب اردن کے تمام شہروں اور بیت المقدس میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور ٹرمپ کے اعلان القدس کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں۔قابض فوج نے فلسطینی ریلیوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے ۔فلسطینی طبی امدادی ادارے ہلال احمر کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارکنوں نے جمعہ کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور فائرنگ سے زخمی ہونے والے 73 فلسطینیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکورٹی اداروں نے تازہ چھاپا مار کارروائیوں میں کئی سابق اسیران سمیت کم سے کم 13 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غرب اردن کے مختلف علاقوں میں عباس ملیشیا کی تازہ کارروائیوں کے دوران نہتے شہریوں کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا۔ متعدد شہریوں کو سیکورٹی مراکز میں پیشی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
فلسطینی مظاہرین

Print Friendly, PDF & Email
حصہ