پیشہ ورانہ تربیت کیلیے سندھ کے ہر ضلع میں سینٹر آف ایکسیلنس قائم کرینگے، ذوالفقار چیمہ

90
چیئرمین آبادعارف یوسف جیوا ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک ذوالفقار چیمہ کو شیلڈپیش کررہے ہیں
چیئرمین آبادعارف یوسف جیوا ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیو ٹیک ذوالفقار چیمہ کو شیلڈپیش کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر )سابق آئی جی نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس اورایگزیکٹو ڈائریکٹر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیو ٹیک) ذوالفقار چیمہ نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کو افرادی قوت کی فراہمی کے لیے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد)کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کریں گے۔ یہ بات انھوں نے آباد ہاؤس کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین محمد عارف یوسف جیوا، سینئروائس چیئرمین فیاض الیاس،وائس چیئرمین سہیل ورند،آباد سدرن ریجن کے چیئرمین الطاف تائی،عبدالکریم آڈھیا، کمانڈنٹ پاکستان میرین اکیڈمی کموڈور اکبر نقی،سرکاری افسران اور آباد کے ممبرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی آبادی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو چمکا کر ان کے لیے مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹ میں روزگار کا حصول آسان بنایا جائے ،آباد کے دورے کا مقصد بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
نیو ٹیک کی کوشش ہے کہ پاکستان کی تمام انڈسٹریز کے ساتھ باہمی روابط قائم کرکے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں۔اس ضمن میں سب سے پہلے محسن شیخانی سے آباد کے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے سندھ کے ہر ضلع میں سینٹر آف ایکسیلنس قائم کریں گے جس پر 13 کروڑ روپے کے اخراجات آئیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکل ڈیولپمنٹ کے حوالے سے 3 مئی کو اسلام آباد میں انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد کررہے ہیں جس میں آباد کے رہنماؤں کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔اس موقع پر آباد کے چیئرمین عارف یوسف جیوا نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی افرادی قوت کو ٹیکنیکل تربیت کی اشد ضرورت ہے، ملک کی معاشی ترقی کے لیے پبلک ۔پرائیویٹ شراکت داری اور مطابقت ناگزیر ہے جس کے لیے نیوٹیک کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کے لیے آباد ہر ممکن تعاون کرے گی ، اس سلسلے میں آباد نے پہلے ہی نیوٹیک کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے۔عارف جیوا نے کہا کہ یوتھ اسکل ڈیولپمنٹ کے لیے نیو ٹیک کے افسران آباد کے دفتر کو استعمال کرسکتے ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ نیوٹیک سے مستقل روابط بڑھانے کے لیے آباد کی جانب سے جلد فوکل پرسن کا نام پیش کریں گے۔اس موقع پر فیاض الیاس نے بھی خطاب کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ