کاروبار کے ساتھ ساتھ خدمت خلق عین عبادت ہے ، فیاض الیاس

124
سینئر وائس چیئرمینREAP رفیق سلیمان آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں
سینئر وائس چیئرمینREAP رفیق سلیمان آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس کو شیلڈ پیش کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان REAPکے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ایسو سی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (ABAD)کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس اور ان کے رفقاء کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا ۔ جس میں REAPکے مینیجنگ کمیٹی کے ممبرز جاوید جیلانی ، آصف پولانی ، صفدر مہکری کے علاوہ سید بدر چشتی، عثمان شیخ ، انور میانور ، فواد غریب ، اشفاق غفار ، زبیر اشرفی ، دھوراجی ایسو سی ایشن کے صدر افضل چامڑیا اور پاکستان کے معروف سماجی و مذہبی رہنما حاجی رفیق پر دیسی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیاض الیاس نے بتایا کہ پاکستان کا تاجر طبقہ اپنی مدد آپ کے تحت ملک پاکستان کے عوام کی رہائشی ضروریات کے لیے کام کر رہا ہے ۔ اس سلسلے میں انہوں نے حکومت پاکستان کے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے لہذا اگر حکومت تعاون کرے تو معاشرے کے بے شمار مسائل جلد حل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے REAPکے ممبرز کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کاروبار کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔
اور ہمیں اس اچھی سوچ کو پروان چڑھانا چاہیے ۔ انہوں نے شام کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تمام تاجر برادری کا مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا اچھا اقدام ہے ۔ دھوراجی ایسو سی ایشن کے صدر افضل چامڑیا نے بتایا کہ وہ حال ہی میں ترکی اور شام کے سر حدی علاقوں کا دورہ کر کے آئے ہیں اور ہمارے شامی مسلمان بھائی اور بہنیں سخت مشکل حالات کا شکار ہیں اور ہماری فوری امداد کے منتظر ہیں ہمیں ان کی مدد کے لیے مل کر آگے بڑھنا چاہیے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے وہاں ایک روٹی پلانٹ لگانے کا کام جاری ہے جو روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ روٹیاں تیار کرنے کی استطاعت رکھتا ہے اور جلد ہی مکمل ہونے والا ہے ۔ پاکستان کے معروف سماجی و مذہبی رہنما حاجی رفیق پر دیسی نے کہا کہ اس وقت افریقی ممالک میں پاکستانی تاجر برادری ملک کی مصنوعات بر آمد کر رہی ہے مگر ہمیں دیگر ممالک سے سخت کاروباری مسابقت کا سامنا ہے ۔ انہوں نے REAPکے ممبرز کو تنزانیہ کے ملک کا ویزا فوری فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ افریقی ممالک میں چاول کی بر آمدات بڑھائیں کیونکہ یہ مستقبل میں اہم مارکیٹ ثابت ہوگی ۔ ہمیں دین اور دنیا دونوں معاملات میں توازن رکھنا ضروری ہے ۔ رفیق سلیمان نے اپنے خطا ب میں کہا کہ اس وقت ملک شام کے معصوم مسلمان اپنی زندگی کی سخت آزمائش سے گزر رہے ہیں ۔ انہوں نے REAPکے ممبرز سے کہا کہ ہمیں اس مشکل مرحلے میں ان مجبور مسلمانوں کی مدد کے لیے ذاتی طور پر شام کا دورہ کر نا چاہیے ۔ انہوں نے ترکی کی حکومت کی جانب سے شام کے لاکھوں متاثرین کو پناہ دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ REAPکے ممبرز کا وفد ہنگامی بنیادوں پر جلد ترکی اور شام کے علاقوں کا دورہ کر ے گا اور امت مسلمہ پر آئے ہوئے اس کڑے وقت میں اپنی ہر ممکن کوشش کرے گا ۔ تقریب کے اختتام پر رفیق سلیمان نے آباد کے سینئر وائس چیئرمین فیا ض الیاس ، دھوراجی ایسو سی ایشن کے صدر افضل چامڑیا اور حاجی رفیق پردیسی کو REAPکی یادگار ی شیلڈ بھی پیش کیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ