سعودی ولی عہد کی مصری صدر سے ملاقات‘ 4 معاہدوں پر دستخط

57
قاہرہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نہر سوئز میں مختلف منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں
قاہرہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی نہر سوئز میں مختلف منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں

قاہرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مصری صدر عبد الفتاح السیسی نے کہا ہے کہ خلیج عرب کی سلامتی مصر کی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے یہ بات سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پیر کے روز قاہرہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ دونوں رہ نماؤں نے ملاقات میں سعودی عرب اور مصر کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں اور اسلامی اور عرب دنیا کو درپیش مختلف چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں بیرونی مداخلت کے مقابلے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔ صدر السیسی اور سعودی ولی عہد کے درمیان اتحادیہ محل میں ملاقات کے بعد دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق سمجھوتے طے پائے اور ان پر دونوں ملکوں کے متعلقہ عہدے داروں نے دست خط کیے۔مفاہمت کی ایک یادداشت کے تحت سعودی ، مصری سرمایہ کاری فنڈ کو فعال بنانے کے لیے پہلے سے طے شدہ ایک سمجھوتے میں ترمیم کی گئی ہے ۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں نے آلودگی کے خاتمے اور ماحول کے تحفظ کے لیے بھی ایک سمجھوتے پر دست خط کے ہیں۔ علاوہ ازیں سعودی ولی عہد اور مصری صدر السیسی نے نہرسویز کے مختلف قومی منصوبوں کا دورہ کیا اور وہاں پرہونے والے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق شہزادہ محمد اور صدر السیسی سمیت دیگر مہمانوں کو نہر سویز کے منصوبوں سے متعلق دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ