شہر کی روشنیاں بحال ہوگئیں ،پائیدار امن تک آپریشن جاری رہیگا،گورنر 

103
گورنر سندھ محمد زبیر سے ملائیشیا کے قونصل جنرل اسماعیل بن محمد بکری گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کر رہے ہیں
گورنر سندھ محمد زبیر سے ملائیشیا کے قونصل جنرل اسماعیل بن محمد بکری گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کر رہے ہیں

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ امن و امان کے تسلسل ، بجلی بحران کے خاتمہ اور معاشی استحکام کے باعث سماجی شعبہ میں ترقی میں مسلسل بہتری آرہی ہے ،غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ، معاشی و اقتصادی سرگرمیوں ،نجی سیکٹر کے فعال کردار اور سماجی سرگرمیوں میں تیزی کے باعث ملک کی معاشی شہ رگ کراچی کو ایک بار پھر ماضی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل ہو رہا ہے ، شہر سے بے یقینی کی کیفیت کے خاتمہ اور عام آدمی کے اپنے تحفظ پر اعتماد نے شہر کی روشنیوں کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں انجمن عباسیہ کے استقبالیہ سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ ، معروف صنعت کار عبد الحسیب خان ،سردار یٰسین ملک، فرید فرپو،مرزا اشتیاق بیگ ، بشیر جان محمد ، خالد تواب ، انجم نثار، ڈاکٹر شفقت عباسی ، امتیاز حسین عباسی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پائیدار امن تک جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رہے گا اس ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اورشہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر ہیں،معاشی شہ رگ کی ترقی ،خوشحالی ، صنعتی فعالیت ،ترقیاتی کاموں،انفرااسٹرکچر کی بحالی وترقی، تجارت ، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاق کے تعاون سے کراچی ترقیاتی پیکج کے تحت شہر میں 25 ارب روپے سے ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں جبکہ وفاق کے تحت شہر میں 50 ارب روپے کی خطیر رقم سے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ اور منی پاکستان ہے اس کی ترقی سے پورے ملک پر مثبت نتائج برآمد ہوتے ہیں اس لیے وفاقی حکومت کراچی کی ترقی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنا رہی ہیں ، شہر کو اس کے جائز حق کے مطابق ترقی دینا سب کا اخلاقی فرض ہے اس ضمن میں وفاقی حکومت ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت جاری رکھے گی، پنجاب کے مکین خوش ہیں کہ کراچی ایک بار پھر عروس البلاد بننے جا رہا ہے پنجاب کے لوگوں کی بڑی تعداد روزگار کے لیے شہر میں عرصہ دراز سے مقیم ہے اور وہ شہر کی ترقی کے لیے ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں ، شہر میں ہونے والا کوئی بھی واقعہ دیگر شہروں کی نسبت بہت زیادہ اثر رکھتا ہے جو اس شہر کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتا ہے ۔ امتیاز اسٹو ر کے چیئر مین امتیاز حسین عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت صنعت کاروں اور تاجروں کو بھرپور تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملائیشیا کے قونصل جنرل اسماعیل بن محمد بکری نے گورنر ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک ملائیشیا اقتصادی تعاون میں اضافہ کی ضرورت ، پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول کی دستیابی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ۔ گورنر سندھ نے اسماعیل بن محمد بکری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسماعیل بن محمد بکری نے پاک ملائیشیا دو طرفہ تعلقات کے فروغ ، سرمایہ کاری ، تجارت ، کاروبار ، ثقافتی معاہدوں اور خطے سے غربت و بے روزگاری کے خاتمے میں اہم کردار اد ا ہے ،امید ہے کہ آپ ملائیشیا کے سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں اور تاجروں کو نہ صرف پاکستان کے اصل حقائق سے آگاہ کرینگے بلکہ انہیں سرمایہ کاری کی جانب بھی راغب کرینگے ۔
گورنر

Print Friendly, PDF & Email
حصہ