نواب شاہ میں غیر معیاری حفاظتی ٹیکوں سے 3 بچے جاں بحق ،10 کی حالت غیر 

214
نواب شاہ: غلط ویکسین سے متاثرہ بچوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے‘ چھوٹی تصویر میں جاں بحق بچے کی ماہ لاش اٹھائے بین کررہی ہے
نواب شاہ: غلط ویکسین سے متاثرہ بچوں کو اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے‘ چھوٹی تصویر میں جاں بحق بچے کی ماہ لاش اٹھائے بین کررہی ہے

نواب شاہ (رپورٹ: عامرشیخ) نواب شاہ میں خسرہ سے بچاؤ کے زائد المیعاد اور غیر معیاری حفاظتی ٹیکے لگانے کے باعث 3 بچے جاں بحق جبکہ 10 کی حالت غیر ہوگئی‘ واقعہ مریم روڈ پر محکمہ صحت کی مہم کے دوران پیش آیا‘ ٹیکے لگانے والی لیڈی ہیلتھ ورکر کوحراست میں لے لیا گیا‘ پیپلز میڈیکل کالج اسپتال میں مائیں اپنے پیاروں کو سینوں سے لگا کر روتی رہیں‘ سینئر ڈاکٹرز غیرحاضر تھے‘3 بچوں کو تشویش ناک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا۔ ورثا اورشہریوں نے اس کے خلاف شدید احتجاج کیا ۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات
کے مطابق محکمہ صحت کی جانب سے معصوم بچوں کو خسرے سے بچاؤ کے لیے نواب شاہ سمیت ضلع شہید بینظیر آباد میں حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوران مریم روڈ پر درجنوں بچوں کو ٹیکے لگائے گئے تاہم کئی بچوں کی حالت بگڑ گئی جنہیں پیپلز میڈیکل کالج اسپتال کے بچوں کے وارڈ میں لایا گیا جہاں 3 معصوم بچے حانیہ عمران، قمر اور حسنین بخش جاں بحق ہوگئے۔ اس موقع پر اسپتال میں دردناک مناظر دیکھنے میں آئے‘مائیں اپنیجاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں سینوں سے چمٹائے غم سے تڑپتی رہیں‘ 3 بچوں کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کردیا گیا ۔ دوسری جانب ایمرجنسی وارڈ میں2 جونیئر ڈاکٹرز مامور تھے جبکہ کوئی سینئر ڈاکٹر موجود نہیں تھا جس پر ورثا اورشہریوں نے شدید احتجاج کیا تاہم اسپتال انتظامیہ کی جانب سے سینئر ڈاکٹرز کو بلوانے کے بجائے پولیس کو طلب کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ ای ڈی او ڈاکٹر معین شیخ نے بتایا کہ ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نعمان لاٹکی5 گھنٹے کی تاخیر سے پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچے اور ایک چکر لگا کر واپس جانے لگے۔ ایس ایس پی ساجد امیر سدوزئی نے بتایا کہ پولیس نے ویکسین کو تحویل میں لے لیا ہے اور ایک لیڈی ہیلتھ ورکر کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جس سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے اگر کسی کی بھی کوتاہی سامنے آئی تو ذمے داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔محکمہ صحت نے ضلع بھر میں حفاظتی ٹیکوں کی جاری مہم کو فوری طور پر روک دیا ہے۔دوسری جانب آصف علی زراری نے معصوم بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ