شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر بن گئے

305

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف  وفاقی حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر بن گئے،پارٹی کی مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو قائم مقام صدر بنانے کی منظوری دے دی،قائم مقام صدر کے لیے نوازشریف نے شہباز شریف کا نام تجویز کیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی سربراہی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس 180 ایچ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہورہا ہے جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم نواز اور دیگر مرکزی رہنما شریک ہیں۔


اجلاس میں پارٹی صدر کے نام پر مشاورت کی گئی اور اس دوران میاں نوازشریف نے پارٹی صدارت کے لیے شہبازشریف کا نام تجویز کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ نے شہبازشریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر بنانے کی منظوری دی جس کے بعد وہ بلا مقابلہ قائم مقام صدر منتخب ہوگئے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 21 فروری کو انتخابی اصلاحات 2017 کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لیے نااہل قرار دیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ آئین کی دفعہ 62، 63 پر پورا نہ اترنے والا نااہل شخص کسی سیاسی جماعت کی صدارت نہیں کرسکتا۔

ن لیگ کی قیادت نے یہ واضح نہیں کیا کہ شہباز شریف کس کے قائم مقام ہوں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ