سیاسی جماعتیں آئندہ انتخابات میں معاشی ایجنڈے پر توجہ دیں ، گورنر

60
گورنرسندھ محمدزبیر سی ای او کلب کی جانب سے مقامی ہوٹل میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں
گورنرسندھ محمدزبیر سی ای او کلب کی جانب سے مقامی ہوٹل میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ اگلے انتخابات کے لیے ملک کے معاشی ایجنڈے پر خصوصی توجہ دیں تاکہ معاشی میدان میں ایک واضح سمت کے ساتھ آگے بڑھا جاسکے۔ اس کے لیے وہ موجودہ حکومت کی جانب سے معاشی میدان میں کیے گئے ٹھوس اقدامات سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی ای او کلب کی جانب سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اکرام سہگل، شبر زیدی ، ڈاکٹر ہما بقائی،
سلطانہ صدیقی، جاوید اکائی اور معروف کمپنیوں کے سی ای اوز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں ہی ملک کی خوشحالی مضمر ہے اس لیے ہم سب کو اس جانب بھرپور توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ معاشی میدان میں پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں تاکہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا بیانیہ زیادہ واضح اور بہتر طریقے سے پیش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے تنقید برائے تنقید کی پالیسی چھوڑ کر حکومت اور اپوزیشن کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ بیرون ملک پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے منفی تاثر کو زائل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم میں وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی ایک ساتھ موجودگی اور پاکستان کے کیس کو مضبوط انداز میں پیش کرنے کو اس سمت میں ایک لائق تحسین اقدام قرار دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک کی بات آئے، اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے کوئی اقدام سامنے آئے تو سیاست کو علیحدہ کرکے صرف اور صرف ملکی سالمیت ، بقااور قومی کاز کو مدنظر رکھنا چاہیے تاکہ دنیا کو علم ہوسکے کہ ہم اس مسئلہ پر متحد ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر معاشی ماہرین معیشت کے بارے میں فیصلے کریں تو یہ ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے بہتر ہوگا اور اس ضمن میں حکومتی دباؤ یا اثررسوخ بالکل نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر مشکلات ، مسائل اور دشواریوں کے باوجود موجودہ حکومت نے اقتصادی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور 2013 کی صورتحال کو بالکل تبدیل کردیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی میں سی ای اوز کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ا نہوں نے توقع ظاہر کی کہ سی ای اوز ہر سطح پر پاکستان کا اصل بیانیہ پیش کریں گے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ