زینب قتل کیس کا ملزم عمران جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل 

19

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور میں ننھی بچی زینب کے قتل کے مرکزی ملزم عمران کا ٹرائل جیل میں کرنے کی غرض سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے ایڈمن جج شیخ سجاد احمد نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر ملزم کی طرف سے ایڈووکیٹ مہر شکیل ملتانی نے وکالت نامہ بھی جمع کرایا۔ قصور میں زینب سمیت8 بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم عمران کو سخت سیکورٹی حصار میں عدالت لایا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ملزم کی سیکورٹی کے مسائل ہیں اس لیے ملزم کو عدالت میں پیش کرنا مناسب نہیں‘ ملزم کا جیل ٹرائل کیا جائے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمے کا چالان جلد عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا اور ڈی این اے رپورٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم عمران علی کی ڈی این اے سے تصدیق کی گئی‘ سیریل کلر نے جرم کا اعتراف کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ