ڈاؤ کالج آف فارمیسی نے ہفتہ اسپورٹس گالا کا میلہ لوٹ لیا 

15

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر علی مندھیرو نے کہا ہے کہ حکومت سندھ تعلیم و صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، تعلیم وصحت کا کھیلوں سے چولی دامن کا ساتھ ہے، نئی نسل کی کھیلوں کے متعلق حوصلہ افزائی کی جائے تو صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا۔ انہوں نے یہ بات ڈاؤ میڈیکل کالج میں منعقدہ دسویں سالانہ طلبا اسپورٹس ویک کی تقریبِ تقیسمِ انعامات میں بحیثیت مہمانِِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلز پروفیسر ڈاکٹر محمد سعید قریشی ، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خاور سعید جمالی، پروفیسر ڈاکٹر محمد مسرور، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ عباسی، پروفیسر ڈاکٹر زرناز واحد، پروفیسر ڈاکٹر مکرم علی، ڈائریکٹر فنانس ندیم شکور جویری سمیت سینئر فیکلٹی میمبرزموجود تھے۔صوبائی وزیرِ صحت نے مزید کہا کہ کھیلوں سے لوگ صحتمند اور صحتمند لوگوں سے ہی صحتمند معاشرہ تشکیل پاسکتاہے، جبکہ ایک صحتمند دماغ ایک صحت مند جسم میں پرورش پاتا ہے۔ حکومتِ سندھ کھیلوں کی بھرپور سرپرستی کر رہی ہے ، اس کے لیے ایک نوجوان کو وزیر کھیل بنایاگیا ہے،تاکہ نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی ہو۔انہوں نے امزید کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے اسپورٹس ویک کے دوران زخمی ہونے والے کھلاڑیوں کی طبی امداد ادارے میں ہی دی گئی، یہ انتظام قابلِِ تعریف ہے۔ بعد ازاں وزیرِ صحت ڈاکٹر سکندر علی مندھیرو نے وائس چانسلر کے ساتھ کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے۔مجموعی طور پر ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے تیرہ انسٹی ٹیوٹس نے سالانہ طلبا ہفتہ کھیل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،جن میں ڈاؤ میڈیکل کالج، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج، ڈاکٹرعشرت العباد خان انسٹیٹیوٹ آف اورل ہیلتھ سائنسز،ڈاؤانٹرنیشنل ڈینٹل کالج، ڈاؤ کالج آف فارمیسی،انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ مینیجمنٹ ، انسٹیٹیوٹ آف فیزیکل میڈیسن اینڈریہیبلیٹیشن، انسٹیٹوٹ آف نرسنگ،ڈاؤ انسٹیٹیوٹ آف ریڈیولوجی، ڈاؤ کالج آف بائیو ٹیکنالوجی،اسکول آف پبلک ہیلتھ نے شرکت کی۔ ڈاؤ کالج آف فارمیسی کی ٹیم نے مختلف مقابلوں میں سب سے زیادہ دس (10) گولڈ میڈل حاصل کئے،اسی طرح ڈاؤ میڈیکل کالج نے(08) گولڈ میڈل اور ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج نے بھی 08) گولڈ میڈل حا صل کئے، جبکہ مسٹر ڈی یو ایچ ایس مسٹر عادل شاہ انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ سے رہے،بیسٹ ایتھیلیٹک میل عامر رب ڈاؤ انٹر نیشنل میڈیکل کالج اور فیمیل سیما میمن انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ سے رہیں۔آخر میں وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسرڈاکٹر محمد سعید قریشی نے مہمانِِِ خصوصی ڈاکٹر سکندر علی مندھرو سمیت شرکاء کا شکریہ ادا کیا، اور مہمانِ خصوصی کو شیلڈ تحٖٖفہ دی، ساتھ ہی گورنمنٹ کی تعلیم و صحت کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ