ڈپٹی کمشنرچارسدہ کی کھلی کچہری، عوام نے مسائل کے انبار لگادیے

142

چارسدہ (آئی این پی) سبحان خوڑ میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان اور ڈی پی او ظہور آفریدی کی زیرصدارت کھلی کچہری ،عوام نے مسائل کے انبار لگا دیے، محکمہ صحت ، ایری گیشن ، ٹی ایم اے اور محکمہ تعلیم کے خلاف شرکا نے دل کی بھڑا س نکالی، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق دیگر اضلاع کی طرح چارسدہ میں بھی ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کیلیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس حوالے سبحان خوڑ میں کھلی کچہری کاانعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر چارسدہ منتظر خان ، ڈی پی او ظہور آفریدی اور اسسٹنٹ کمشنرودیگر مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں منتخب بلدیاتی نمائندوں ، تاجر رہنماؤں ، عمائدین علاقہ اور مختلف طبقہ فکر کے لوگوں نے اظہار خیال کر تے ہوئے میڈیکل اسٹوروں پر نشہ آور ادویات اور منشیات کی سر عام فروخت ، شبقدر اسپتال میں سہولیات کے فقدان ، ٹریفک کی ابتر صورتحال ، کم عمر رکشا ڈرائیوروں کی بھر مار اور شہر میں ناقص اشیا خورونوش کی فروخت پر شدید تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے اسے ریاستی اداروں کی ناکامی قرار دیا۔کھلی کچہری کے شرکا نے کہا کہ شبقدر اسپتال میں الٹرا ساؤنڈ اور ای سی جی کے لیے لیڈی ڈاکٹر اور خاتون ٹیکنیشن موجود نہیں ہے جبکہ دن 12بجے کے بعد اسپتال میں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں ہوتا ، شبقدر بازار سمیت بیشتر علاقے سوئی گیس کی نعمت سے محروم ہیں،شناختی کارڈ اور ڈومیسائل بنانے میں عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے، بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، اری گیشن چینل بند ہونے کی وجہ سے معمولی بارش میں عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، شہر بھر میں ہتھ ریڑیوں کی بھر مار ہے جبکہ فٹ پاتھوں پر تاجروں نے قبضہ جما رکھا ہے ، شہر گندگی کا ڈھیر بن چکا ہے جبکہ ٹی ایم اے اہلکار غفلت کی نیند سو رہے ہیں۔ ہوائی فائرنگ روز کا معمول بن چکا ہے ، شہر میں قسائیوں کیلیے کوئی سلاٹر ہاؤس موجود نہیں ،حلیم زئی اور دیگر علاقوں میں آئس اور دیگر نشہ آور اشیا سر عام فروخت ہو رہی ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ شہریوں کے شناختی کارڈ عرصہ دراز سے بلا ک ہیں مگر ذمے دار حکام کوئی تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ کھلی کچہری میں شرکا کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات اور مسائل کے حوالے سے خطاب کر تے ڈپٹی کمشنر منتظر خان اور ڈی پی او ظہور آفریدی نے کہا کہ کھلی کچہری کا بنیادی مقصدعوام کے مسائل اور مشکلات سے آگاہی ہے ،کھلی کچہری میں شرکا کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے ۔ ریاستی ادارے عوام کے ٹیکسوں پر چلتے ہیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا تمام سرکاری اداروں کی اولین ذمے داری ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ