ہری پور، نوجوان کی تشدد زدہ نعش برآمد، چارسدہ، میاں بیوی نے خود کشی کرلی

57

ہری پور، چارسدہ (آئی این پی)ہری پور اور چارسدہ میں مختلف حادثات وواقعات میں خاتون سمیت 3افراد جاں بحق۔تفصیلات کے مطابق سرائے صالح کی حدود سے نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ لاش ویرانے سے برآمد ،پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم اور شناخت کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، مقتول کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، چہرے اور جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں ،تاحال شناخت نہیں ہوئی سکی، لاش تین دن پرانی ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روزہری پور نواحی علاقہ سرائے صالح کی حدود سے 35 سالہ نامعلوم شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد ہوئی ہے ،اہل علاقہ نے لاش ویرانے میں دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنے قبضے میں لے کر شناخت کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق لاش تین دن پرانی لگتی ہے ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ مقتول کو ہاتھ پاؤں باندھ کر پہلے تشدد بعد ازاں مقتول کو تیز دھار آلہ سے قتل کیا گیا ہے تاہم شناخت اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہری پور ڈھینڈہ اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں تاحال نامعلوم شخص کی شناخت ممکن نہیں ہو سکی ہے۔ مقتول کے چہرے اور جسم پر تشدد کے واضح نشانات بھی موجود ہیں ۔پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد تمام باتیں سامنے آ جائیں گی۔ لاش کے قریب سے تاحال کوئی بھی شواہد نہیں مل سکے ہیں ،پولیس نے مقدمہ درج کرکے مقتول کی شناخت سمیت نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کیلیے بھی تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ذرائع نے بتایا ہے کہ مقتول حلیے سے پنجاب کا رہائشی لگتا ہے، لاش دور ایک ویرانے سے برآمد ہوئی ہے۔ شیخان کورونہ میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر میاں بیوی نے زہر کھالیا ، دونوں زندگی کی بازی ہار گئے ،نماز جنازہ کے بعد میت پو سٹ مارٹم کیلیے خیبر میڈیکل کالج پشاور منتقل ۔ تھانہ نستہ کی حدود شیخان کورونہ میں باڑہ خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی مسمات بلورو اور ان کے شوہر عارف خان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر زہر کھا لیا جس کے نتیجے میں مسمات بلوراوران کے شوہر زندگی کی بازی ہار گئے ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ خاتون کو ابتدائی طور پر چارسدہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے طبعی موت قرار دیکر نعش ورثا کے حوالے کر دی مگر بعد ازاں شک گزرنے پر پولیس نے نماز جنازہ کے بعد خاتون کی نعش کوپوسٹ مارٹم کیلیے خیبر میڈیکل کالج پشاور منتقل کر دیا اور اس حوالے سے روز نامچہ رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ