میرپور خاص,، سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ

20

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) انتظامیہ کی لاپروائی اور غفلت کے باعث آوارہ، خارش زدہ اور پاگل کتوں کی بہتات نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی، محمود آباد سمیت دیگر علاقوں میں ایک درجن سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹ لیا، عوامی مطالبہ کے باوجود انتظامیہ نے کتا مار مہم شروع نہیں کی۔ ان دنوں میرپورخاص شہر سمیت دیگر مضافات میں آوارہ، خارش زدہ اور پاگل کتوں کی بہتات نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ شام ہوتے ہی شہر کی شاہراہوں اور گلی محلوں میں کتوں کے غول کے غول پھرتے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں جبکہ کتے پیچھے لگنے کی وجہ سے کئی موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دو روز کے دوران میرپورخا ص کے علاقے محمود آباد، لطیف ٹاؤن، اقبال نگراو ر دیگر علاقوں میں درجن سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹ کر شدید زخمی کردیا۔ سول اسپتال ذرائع کے مطابق ہر دوسرے روز سگ گزیدگی سے متاثر افراد لائے جا رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں فوری طور پر کتا مار مہم شروع کی جائے اور شہریوں کو اس پریشانی سے نجات دلائی جائے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ