رقوم کی قانونی ترسیل کے لیے آگاہی مہم کا آغاز

17

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان میں کرنسی کے کاروبار سے وابستہ اہم شخصیات نے قانونی طریقے سے رقوم کی ترسیل کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور حوالہ ہنڈی کے غیرقانونی کاروبار کی حوصلہ شکنی کے لیے عالمی سطح پر مہم کا آغاز کردیا اس سلسلے میں ایچ اینڈ ایچ ایکسچینج پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے دو بڑے شہروں جدہ اور مدینہ منورہ میں سیمینارز کا انعقاد کیاگیا جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعلیٰ عہدے داروں سعودی عرب میں پاکستان کے وائس قونصل جنرل کے علاوہ ویسٹرن یونین کے ذمہ داروں اور سعودیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ جبکہ روضہ رسول کے متولی شیخ نوری بھی خصوصی طور پر مدینہ منورہ میں ہونے والے سیمینار میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سید عرفان علی، وائس قونصل جنرل باسط مقصود عباسی، ویسٹرن یونین کے علی بدرالدین اور ایچ اینڈ ایچ کے چیئرمین حاجی ہارون نے کہاکہ رقوم کی قانونی طریقے سے ترسیل معیشت کی بہتری کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تمام لوگ اور ادارے رقوم قانونی ذرائع سے پاکستان بھیجیں تاکہ وہ ملک اور قوم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو اور غیرقانونی حوالہ ہنڈی کی حوصلہ شکنی ہوسکے حوالہ ہنڈی ہماری معیشت کے لیے زہرقاتل ہے اور اس سے ملک کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ ایچ اینڈ ایچ کے چیئرمین حاجی ہارون نے اس موقع پر اعلان کیاکہ بیرونِ ممالک سے جو رقوم ویسٹرن یونین کے ذریعے بھیجی اور ایچ اینڈ ایچ سے وصول کی جائیں گی اُن پر کروڑوں روپے کے انعامات دیے جائیں گے۔یہ انعامات انعامی اسکریچ کارڈز پر بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم ہوں گے اور ہر وصول کنندہ کو یقینی انعامات ملیں گے۔
انعامات کی تقسیم کا مقصد قانونی طریقے سے رقوم کی ترسیل کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے عرفان علی، فضل محمود اور معین العین کے علاوہ پاکستان کے وائس قونصل جنرل باسط مقصود عباسی، ویسٹرن یونین کے علی بدرالدین اور دیگر نے رقوم کی قانونی طریقے سے منتقل کے سلسلے میں شروع کی جانے والی مہم کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لئے یقیناًیہ مہم سود مند ثابت ہوگی ان عہدیداروں نے ایچ اینڈ ایچ کی کاوش کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ تقریب میں موجود روضۂ رسول کے متولی شیخ نوری نے بھی کاوشوں کی تعریف کی اور خصوصی دُعا کرائی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ممالک کے حوالے سے پاکستانی کمپنی ایچ اینڈ ایچ بہتر خدمات انجام دے رہی ہیں اور اس کے عہدے دار مبارکباد کے مستحق ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ