اسرائیل اور لبنان میں جنگ کا خطرہ نہیں‘ برطانیہ

84

لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ نے کہا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باوجود دونوں ملکوں میں جنگ کا کوئی خطرہ نہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق برطانوی وزیر مملکت برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقا السٹیئر برٹ نے پیرس میں ایرانی نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں انہوں نے عراقچی کو دورہ لندن کی دعوت بھی دی۔ برطانوی وزیر نے کہا کہ حالیہ دورے کے دوران وہ اسرائیل اور لبنان بھی گئے
اور دونوں ملکوں کی قیادت سے ملاقات کی۔ لبنان اور اسرائیل دونوں باہمی کشیدگی کو کم کرنے کے خواہاں ہیں اور وہ جنگ نہیں چاہتے۔ عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے برٹ نے مزید کہا کہ اسرائیل لبنان کی سرحد پر باڑ کی تعمیر کرنے پر کام کررہا ہے جس پر لبنان کو تشویش ہے۔ تاہم دونوں ملکوں کے درمیان جنگ کا کوئی امکان نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں برطانوی وزیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک لبنان اور اسرائیل کے درمیان گیس کے وسائل اور سرحدی دیوار پر پائے جانے والے تنازع کے حل میں مدد دینے کو تیار ہے ۔ برطانوی وزیر السٹیئر برٹ کا کہنا تھا کہ شام میں ایران کے بڑھتے کردار اور اثرو رسوخ پر اسرائیل کو تشویش ہے۔
اسرائیل ؍ لبنان

Print Friendly, PDF & Email
حصہ