اہم خبریں

69

مذاکرات کے لیے افغان وفد پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد (صباح نیوز) مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے افغان وفد پاکستان پہنچ گیا۔ گزشتہ روز افغانستان کے نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی کی سربراہی میں ایک وفد اسلام آباد پہنچا ہے۔ رپورٹ کے مطابق افغان وفد پاک افغان ایکشن پلان، انسداد دہشت گردی، تشدد میں کمی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی اور مشترکہ اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے بارے میں مذاکرات کرے گا۔

اسٹیل ملز کے 285 اسسٹنٹ منیجر ز کوڈپٹی منیجر ز کے عہدے پر ترقی دینے کا حکم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو ترقی نہ دینے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 285 اسسٹنٹ منیجر ز کو ڈپٹی منیجر ز کے عہدے پر ترقی دینے کا حکم دے دیا۔ 2 رکنی بینچ کے روبرو پاکستان اسٹیل ملز کے
ملازمین کو ترقی دینے سے متعلق سماعت ہوئی۔درخواست گزار محمد اسلم سومرو، زرداد عباسی ودیگر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ 2009ء سے اسٹیل ملز میں ترقی نہیں دی جارہی، حکومت کو قانون کے مطابق ترقی دینے کا حکم دیا جائے، سرکاری وکیل نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اس لیے ملازمین کو ترقی نہیں دی، پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو ترقی نہ دینے پر عدالت برہم ہوگئی۔ عدالت نے ریماکس دیے کہ موجودہ حالات سے تو لگتا ہے اسٹیل ملز کی کبھی حالت ٹھیک نہیں ہوگی، ملازمین کا کیا قصور ہے۔ عدالت نے اسٹیل ملز کے 285 اسسٹنٹ منیجر ز کو ڈپٹی منیجر ز کے عہدے پر ترقی دینے کا حکم دے دیا۔

نیب راولپنڈی نے نواز شریف کو آج طلب کرلیا

اسلام آباد (آن لائن) ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی نے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کوبیان ریکارڈ کرنے کے لیے آج طلب کرلیا ہے ۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کرپشن اور بدیانتی پر نااہل ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی کو تمام اختیارات سونپ دیے ہیں۔

بنوںآپریشنبڑی تعداد میں اسلحہ برآمد

بنوں (آن لائن) بنوں تحصیل ڈومیل میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا ہے جس کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بر آمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکورٹی فورسز نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنوں کی تحصیل ڈومیل کے مختلف علاقوں میں سر چ آپریشن کیا‘ آپریشن میں بر آمد ہونے والے اسلحے میں 6 عددکلوشنکوف،3 تھری ناٹ تھری رائفل،3 عدد 7 ایم ایم رائفل،3 عدد پستول، ایک عدد خنجر،6 کلوشنکوف میگزین اور4 سو سے زائد مختلف بور کے کارتوس شامل ہیں۔

ٹی ٹی پی نائب امیر سجنا کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق ہو گئی

پشاور(صباح نیوز)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نائب امیر سجنا کی ڈرون حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔امیر خان سید عرف سجنا افغانستان میں امریکی ڈورن حملے میں مارا گیا ۔ڈورن طیارے نے افغان ضلع برمل کے علاقے مارغہ میں گاڑی پر میزائل فائر کیے۔ ڈرون حملے میں خان سید عرف سجنا کا بھانجا اور 3 ساتھی بھی مارے گئے۔یاد رہے 24جنوری 2018ء کو کرم ایجنسی اور شمالی وزیرستان کے سرحدی علاقے اسپین ٹل ڈپہ ماموزئی میں امریکی ڈرون حملے میں مبینہ طور پر حقانی نیٹ ورک کے کمانڈر سمیت 2افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کراچی، کوئٹہ و دیگر علاقوں میں بارش کا امکان

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24 گھنٹے میں کوئٹہ، مکران، قلات ڈویژن اور کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم ازکم درجہ حرارت 5، قلات میں 8 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ