کراچی میں پی ایس ایل کی فائنل کی سیکیورٹی فوج کے حوالے ،میگا ایونٹ کو ملکر کامیاب بنائینگے،مراد علی شاہ

25
کراچی میں پی ایس ایل کی فائنل کی سیکیورٹی فوج کے حوالے ،میگا ایونٹ کو ملکر کامیاب بنائینگے،مراد علی شاہ
کراچی میں پی ایس ایل کی فائنل کی سیکیورٹی فوج کے حوالے ،میگا ایونٹ کو ملکر کامیاب بنائینگے،مراد علی شاہ

کراچی(آن لائن)کراچی میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائنل کے لیے سیکورٹی پلان تیار کرلیا گیا جس کے تحت سیکورٹی کی ذمہ داری پولیس، رینجرز اور فوج کے سپرد کردی گئی جبکہ میچ کے دوران سیکورٹی کے لیے سول ایوی ایشن سے دو ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلیے گئے۔وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ کے جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پی ایس ایل کی تیاری سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر داخلہ، وزیر صحت، وزیر بلدیات، وزیر کھیل، چیف سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری سہیل راجپوت شامل تھے۔ان کے علاوہ اجلاس میں ڈی جی رینجرز، آئی جی سندھ
پولیس، کمشنر کراچی، سیکریٹری صحت، سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری کھیل، سیکرٹری بلدیات، میئر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ طاہر آزاد، سینئر مینیجر سیکورٹی پی سی بی مسٹر ارشد خان، جنرل مینیجر قومی کرکٹ اسٹیڈیم کراچی و دیگر سمیت اہم سیکورٹی اور سول حکام شریک ہوئے۔ انسپکٹر جنرل سندھ پولیس اللہ ڈنو خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ پولیس نے لاہور کا دورہ کیا جہاں پاکستان و سری لنکا کے درمیان اکتوبر 2017 میں ہونے والے میچ کی سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی اسٹیڈیم اور اس کے تمام راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی اور میچ سے 5روز قبل پارکنگ ایریاز اور اسٹیڈیم کھول د یے جائیں گے۔اس موقع پر آئی جی سندھ پولیس نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ 9 فروری 2018 کو جمعے کی نماز کے بعد ابتدائی ریہرسل کریں گے، اس ریہرسل میں وی وی آئی پی موومنٹ، کھلاڑیوں کی آمد، سیکورٹی انتظامات و دیگر ہر قسم کی موومنٹ کور کیا جائے گا۔اس کے علاوہ حکام نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ اسٹیڈیم میں 33 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے جس کو دیکھتے ہوئے پارکنگ و دیگر بندوبست کیا جارہا ہے، جس پر وزیراعلیٰ نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ اسٹیڈیم کے قریب آغا خان و لیاقت نیشنل اسپتال ہیں، ان کی انتظامیہ سے بات چیت کرکے انہیں الرٹ رکھا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ناگہانی صورتحال پر ان قریبی اسپتالوں کی خدمات لی جاسکتی ہیں اس کے علاوہ تمام ایمبولینسز جو اسٹیڈیم میں موجود ہوں گی وہ جدید ایمرجنسی سہولیات سے لیس ہونی چاہییں۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی سیکورٹی جاوید مہر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آئی جی پولیس نے سیکورٹی کمیٹی بنائی ہے جس میں پولیس، رینجرز اور خفیہ اداروں کے حکام روزانہ کی بنیاد پر آپس میں رابطہ رکھیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی میں کرائیں گے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کیا اور اب ہم سب نے ملکر میگا ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ شرکاء کے لئے لائٹنگ، پانی کا بندوبست، پارکنگ، صفائی ستھرائی کے علاوہ گندگی کو ٹھکانے لگانے اور طبی سہولیات کا بندوبست بھی کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے چار کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں، ایگزیکٹو کمیٹی میں چیف سیکرٹری، سول کمیٹی میں وزیر بلدیات، میئر کراچی اور دیگر شامل ہوں گے جب کہ انٹیلی جنس کمیٹی خفیہ اداروں کے حکام اور سیکورٹی کمیٹی پولیس اور رینجرز کے حکام پر مشتمل ہوگی۔خیال رہے کہ 22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن کے لئے 4 وینیوز کا استعمال کیا جائے گا جہاں 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ٹورنامنٹ کے تمام لیگ میچز دبئی اور شارجہ میں جبکہ پلے آف کے 2 میچز لاہور اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ