مَقبول بٹ اور افضل گورو شہید تحریک آزادی کے روشن ستارے ہیں ،سید صلاح الدین

132
پا کستان بھارتی قابض فوج کیخلاف مجاہدین کی ٹھوس مدد کرے،سید صلاح الدین
پا کستان بھارتی قابض فوج کیخلاف مجاہدین کی ٹھوس مدد کرے،سید صلاح الدین

مظفر آباد/سری نگر(صباح نیوز+اے پی پی) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہا ہے کہ شہید مقبول بٹؒ اور شہید افضل گوروؒ تحریک آزادی کشمیر کے وہ روشن ستارے ہیں جنہوں نے کشمیری قوم کو آزادی کا مفہوم سمجھانے اور بھارتی جمہوری و عدالتی نظام کو بے نقاب کرنے میں ایک کلیدی کردار اداکیا۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ان رہنماؤں نے سر جھکانے کے بجائے سر کٹوانے کو ترجیح دی اور اس طرح یہ سمجھانے میں وہ پوری طرح کامیاب ہوگئے کہ آزادی کے ماحول میں گزارا ہوا ایک دن غلامی کی ہزار سالہ زندگی سے بہتر ہے ۔دونوں شہید رہنماؤں کو تہاڑ جیل کے اندر دفناکر بھارتی پالیسی ساز ان کے اس پیغام کو دفن کرنے میں نہ صرف ناکام رہے بلکہ الٹا یہ حربہ ان پر بھاری پڑا۔آزادی کا یہ پیغام پوری ریاست میں اب پوری قوت اور شدت سے گونج رہا ہے۔سید صلاح الدین نے کہا کہ شہدائے کشمیر تحریک آزادی کے ماتھے کا جھومر ہیں اور اس میں رتی برابر بھی ہمیں شک نہیں کہ ان کا مقدس خون ضرور رنگ لائیگا۔اجلاس میں مزاحمتی قیادت کی طرف سے دیے گئے 9اور 11فروری کو دیے گئے پروگرامات کی تائید اور حمایت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہداء کشمیر کا مشن تاحصول آزادی جاری رہے گا۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں کشمیری رہنما محمد افضل گورو کی شہادت کی پانچویں برسی کے موقع پر آج مکمل ہڑتال ہوگی ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے دی ہے۔ حریت قیادت نے محمد افضل گورو اور ممتاز کشمیری رہنما محمد مقبول بٹ کی میتوں کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے مقبوضہ کشمیر منتقل کرنے کے مطالبے پر زور دینے کے لیے نماز جمعہ کے بعد مظاہروں کی بھی اپیل کی ہے تاکہ ان کی عزت و احترام کے ساتھ تدفین کی جاسکے۔ ادھر کٹھ پتلی انتظامیہ نے حریت رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق،محمد یاسین ملک، محمد اشرف صحرائی، مختار احمد وازہ، غلام احمد گلزار، بلال صدیقی، محمد اشرف لایہ او ر عمر عادل ڈار کو کل بھارت مخالف مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں ، تھانوں اور جیلوں میں نظر بند کر دیا ہے۔حریت رہنماؤں اور تنظیموں بشمول سید علی گیلانی، میر واعظ عمرفاوق، محمد یاسین ملک، بلال صدیقی، فریدہ بہن جی،شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر،محمد احسن اونتو، غلام نبی وار، ظفر اکبر بٹ اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ نے اپنے بیانات میں محمد افضل گورو اور محمد مقبول بٹ کو ان کی برسیوں پر شاندا ر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ