پی ایس ایل تھری،98فیصد غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار ہیں، سلمان اقبال

27

کراچی (جسارت نیوز)پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کی فرنچائز کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے دعویٰ کیا ہے کہ رواں برس ہونے والے ایونٹ میں 98 فیصد غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔سلمان اقبال نے کراچی کنگز کی کِٹ کی تقریبِ رونمائی کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی ٹیم پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتی ہے تو اس صورت میں ٹیم کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ ان کی ٹیم کے7غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے 6پاکستان آکر کھیلنے کے لیے تیار ہیں جبکہ انگلش کپتان ایون مورگن مصروفیات کی وجہ سے لیگ میں دیر سے شرکت کریں گے۔ اور مصروفیات کی وجہ سے ہی پلے آف سے پہلے ٹیم کو چھوڑ کر روانہ ہوجائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے پر رضامندی کا اظہار کردیا، تاہم امید ہے کہ پاکستان میں سب کچھ اطمینان بخش رہے۔عماد وسیم کو کراچی کنگز کا کپتان بنانے کے حوالے سے سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو ایونٹس کے دوران کراچی کنگز نے کئی کپتان تبدیل کیے تاہم اس مرتبہ ٹیم منیجمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ ٹیم کو ایک نوجوان کپتان کی ضرورت ہے جو لمبے عرصے تک ٹیم کی قیادت کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکے جو کراچی کنگز کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بین الاقوامی ٹیم کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ