حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے، جاوید میمن

26

سکھر (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف ضلع سکھر کے سینئر نائب صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو اندھیروں میں دھکیل کر صرف اپنے محلات کو روشن کیا ہے، عوام مسائل کا شکار ہیں اور حکمرانوں کی کرپشن عروج پر ہے، سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کی تباہی میں منتخب نمائندوں کا بہت بڑا کردار ہے، جنہوں نے عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے کرپشن پر توجہ مرکوز رکھی۔ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے عوام کے درپیش مسائل کو حل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ضلع سکھر کے جوائنٹ سیکرٹری شیر علی شاہ کی جانب سے اپنے اعزاز میں عشایے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشایے میں ضلعی نائب صدر دوا خان، تعلقہ نیو سکھر کے نائب صدر شعبان میرانی، تعلقہ روہڑی کے سینئر نائب صدر اسلام نور، تعلقہ روہڑی کے انفارمیشن سیکرٹری شاہد سندھو، غلام حیدر راجپوت، طارق عباس، محمد علی، عبدالقادر، خالد گھنیو، سرفراز احمد، محمد نصیر اور کامران سومرو و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہدایات پر ممبر سازی کے حوالے سے بھی تفصیلی غو و خوص کیا گیا۔ حاجی محمد جاوید میمن کا مزیدکہنا تھا کہ ایک ہی گھر میں تین عہدے ہونے کے باجود بھی ان نمائندوں نے شہر کو سوارنے کے بجائے اجاڑ دیا ہے، شہر میں بنیادی سہولتوں کا فقدان ہے، آئے دن عوام اپنے مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر آتی رہتی ہے، منتخب نمائندوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ 2018ء کا الیکشن ان منتخب نمائندوں کا آخری الیکشن ثابت ہوگا۔ عوام اپنے حقوق کے لیے جاگ اٹھے ہیں اور وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن دیکھنا چاہتی ہے اور اب ایسے لوگوں کو منتخب کرے گی جو ان کے حقیقی نمائندے ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وہ شعور بیدار کیا ہے جو کسی لیڈر نے بیدار نہیں کیا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ