آئین شکن اشرافیہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے‘طاہرالقادری 

62

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قانون شکن اشرافیہ خود کو قانون سے بالاتراور معتبر سمجھتی ہے، ن لیگ کے نااہل صدر نے عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑانے، عدلیہ کے خلاف عوام کو مشتعل کرنے، ججز کی تضحیک اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بدزبانی کی جو مہم شروع کررکھی ہے اسے مزید نظر انداز کیا گیا تو لاقانونیت کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وکلا سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان کا مزیدکہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف نواز شریف اور شہباز شریف و دیگر بیوروکریٹس اور ملوث وزرا کی طلبی کے لیے فل بنچ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم ہو چکا ہے جو 14 فروری کو سماعت کرے گا۔ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے بھی طلبی کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کررکھی ہے جس کی سماعت بھی 14 فروری کو جسٹس عبدالسمیع کی عدالت میں زیر سماعت آئے گی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن قاتل اشرافیہ کا پیچھا نہیں چھوڑے گا، یہ بے گناہوں کا خون ہے اس کا انصاف ہو کر رہے گااور قاتل اپنے انجام سے ضرور دو چار ہوں گے۔ نوازشریف جانتے ہیں کہ عدالت عظمیٰ کے ججز کے سامنے آنکھیں اٹھا کر کھڑے نہیں ہو سکتے۔ نواز شریف توہین عدالت و قانون کے ساتھ ساتھ توہین انسانیت کے بھی ملزم ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ