عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘ وزیراعظم

44

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا‘ پاکستان میں ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے لیے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ ہے‘ اس میں ٹیکس چوری روکنے، پراپرٹی کی درست ویلیوایشن کی حوصلہ افزائی، انفرادی ٹیکس کی شرح میں کمی اور ایمنسٹی پروگرام کو پیش کرنا شامل ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلوم برگ کو اپنے انٹرویو میں وزیر اعظم نے کہاکہ ہم اس معاملے پر کثیر الجہتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں‘ پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو نہیں چھپایا جاسکتا‘ یوٹیلٹی بلز، بیرونی سفرکی تفصیلات اور کریڈٹ کارڈ کے اخراجات سے تمام صورتحال سامنے آجاتی ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت میں قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر تعینات پولیس کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی‘ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز و موٹرویز پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے بتایا کہ موٹرویز پولیس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے بدعنوانی سے پاک محکمہ بنا دیا گیا ہے اور موٹروے پولیس کو یو این پبلک سروس ایوارڈ 2009ء کے دوران بہترین آرگنائزیشن کا درجہ مل چکا ہے ۔آئی جی کے مطابق ٹریفک حادثات میں 44 فیصد جبکہ ان حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات میں 21فیصد اور زخمی ہونے میں25 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ