مودی کے جنگی جنون نے خطے کو دہشت گردی میں دھکیل دیا، عابد شیر علی

39

فیصل آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بھارت عالمی دہشت گرد ملک ہے، مودی کے جنگی جنون، انتہا پسندی نے برصغیر کے اس خطے کو دہشت گردی میں دھکیل دیا، کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی قوتوں کی پراسرار خاموشی نے دہشت گردی کو ہوا دی، یہودی لابی مسلمانوں کو ختم کرنے کے لیے گٹھ جوڑ کر رہی ہے مگر بھارت اور اس کے حواری یاد رکھیں پاکستان کلمے کی بنیاد پر ہمیشہ قا ئم رہنے کے لیے بنا ہے۔ گزشتہ روز کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے 3 روزہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں سرعام بچوں اور خواتین پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اور حقوق انسانیت کی عالمی تنظیموں نے آنکھیں اور منہ بند کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جیسے جیسے بھارتی مظالم میں اضا فہ ہو رہا ہے اسی طریقے سے کشمیر میں آزادی کی تحریک میں بھی شدت آ رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ