کوئٹہ: اتفاقاً گولی چلنے سے نواجوان جاں بحق، طالبعلم سمیت 2 زخمی

100

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) جھل مگسی میں اسکول کے باہر اتفاقیہ گولی چلنے سے ایک شخص جاں بحق اور طالبعلم سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے اور ملزم موقع سے فرار ہوگیا، واقعے کے بعد جاں بحق اور زخمی افراد کے ورثا نے فائرنگ کرکے ملزم کے بھائی کو زخمی کر دیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ جمعرات کی صبح کوٹ مگسی میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول کے باہر پیش آیا جہاں مڈل کلاس کا امتحان چل رہا تھا۔ اسکول کے باہر نوجوان طلبہ کو نقل کرا رہے تھے۔ اس دوران وہاں کھڑے نادر علی ولد محمد حسن مگسی سے رپیٹر سے گولی چل گئی جس کے نتیجے میں راشد علی جاں بحق جبکہ امتیاز ولد میر حسن اور محمد صالح زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی زخمیوں کے ورثا اپنے گھروں سے اسلحہ لیکر نکلے اور نادرعلی کے گھر کے قریب فائرنگ کرکے اس کے بھائی مظفر علی ولد محمد حسن کو شدید زخمی کر دیا۔ لیویز کے مطابق زخمیوں کو کوٹ مگسی سے سندھ کے علاقے لاڑکانہ منتقل کردیا گیا۔ مزید کارروائی متعلقہ لیویز کر رہی ہے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ