پاکستان ویلفیئر سوسائٹی جدہ کا دسواں خواتین ہیلتھ سیمینار

201

رپورٹ: سید مسرت خلیل

صحت اللہ تعالی کی اہم ترین نعمتوں میں سے ایک ہے۔ مثل مشہور ہے کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے ۔ اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان ویلفیئر سوسائٹی جدہ کے زیر اہتمام قونصلیٹ میں خواتین ہیلتھ سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی برادری کی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ قونصل جنرل کی اہلیہ ڈاکٹر سونیا شہریار مہمان خصوصی تھیں۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت فاطمہ عبدالستار نے حاصل کی۔ پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کے پریس اینڈ پبلی کیشن سیکرٹری محمد نواز جنجوعہ کے مطابق خواتین ہیلتھ ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے پاکستان و یلفیئر سوسا ئٹی کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ہم 2006ء سے پاکستان قونصلیٹ میں فری میڈیکل کیمپ لگا رہے ہیں۔ جس میں مریضوں کے ضروری ٹیسٹوں کے علاوہ انہیں مفت دوائیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ نواز جنجوعہ نے مزید بتا یا کہ سوسائٹی دیگر سماجی، تعلیمی اور فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ ایبٹ آباد میں پاکستان کڈنی سینٹر کا قیام یقینا پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کا وہ کارنامہ ہے جس پر جتنا بھی فخر کیا جائے کم ہے۔یہ سینٹر اس پسماندہ علاقے کے عوام کے لیے ایک نعمت سے کم نہیں۔ یہاں غریب اور مستحق لوگوں کو نئی اور جدید مشینوں پر مفت ڈائلائسز کی سہولت میسر ہے ۔

3-1
ڈاکٹر فرح نواز نے اپنے خطاب میں مٹاپے کی برائیوں سے آگاہ کر تے ہوئے خواتین کو صحت مند خوراک اور روزانہ ورزش کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر زینب نے مختلف نسوانی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے خواتین کو مشورہ دیا کی کہ کسی بھی بے قاعدگی کی صورت میں تسا ہلی نہ برتی جائے۔ فوراڈاکٹر سے رجوع کیا جا ئے تاکہ بیماری کا بروقت علاج ہو سکے ۔ ڈاکٹر میمونہ نے بیماریوں کی جلد تشخیص کے لیے خواتین کو بلڈ پریشر ، بلڈ شوگر اور کولسٹرول ٹیسٹ کرانے پر زور دیا اور انہیں کامیاب اور تندرستی سے بھرپور زندگی گزارنے کے لیے مفید معلومات فراہم کیں۔ ڈاکٹر عزیزہ نے وٹامن ڈی اور کیلشیم کی کمی کو دور کرنے پر آگاہی دی ۔
مہمان خصوصی سونیا شہریار نے پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان قو نصلیٹ ان کی خدمات میں ساتھ ہے ۔ آخر میں خواتین ونگ کی انچارج ڈاکٹر رابعہ خاتون نے پاکستان ویلفیئر سوسا ئٹی کی طرف سے سب کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ویلفیئر سوسا ئٹی مستقبل میں بھی مستحق لوگوں کی بے لوث خدمت کرتی رہے گی۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ