وزیراعلیٰ بلوچستان کا دورہ گوادر کے موقع پر کھلی کچہری کا انعقاد

43

گوادر (نمائندہ جسارت ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا دورہ گوادر کے موقع پر کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے، درخواستیں وصول کیں، موقع پر احکامات جاری کیے اور شہر کا دورہ ، گندگی اور سڑکوں کی ٹھوٹ پھوٹ پر اظہار برہمی اور شہر میں منشیات کے اڈوں کی خاتمے اور ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرنے کے احکامات صادر۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اتوار کے روز گوادر ایکسپو 2018ء کے افتتاحی تقریب کی تیاریوں کے سلسلے میں دوپہر دو بجے گوادر پہنچے۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے گوادر شہر کا اچانک دورہ کرکے شہریوں سے گھل مل گئے اور ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہر کے تاریخی بازار شاہی بازاراور فاضل چوک کا بھی دورہ کیا ۔انہوں نے شہر میں گندگی دیکھ کر سخت ناراضگی کا اظہار کرکے ضلعی انتظامیہ و متعلقہ اداروں کو ایک ہفتے میں شہر کو مکمل صاف کرکے گندگی ہٹانے کا حکم صادر فرمایا۔مزید براں شہر کی صفائی و سڑکوں کی مرمت کیلیے تخمینہ لگانے کا حکم جاری کیا کہ رپورٹ پوری بجھوائی جائے تاکہ اسی مناسبت سے فنڈ جاری کیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کئی سالوں سے زیر التوا سید ہاشمی روڈ ( سیرت النبی چوک تا ملا فاضل چوک) کا بھی دورہ کیا اور موقع پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گوادر ڈاکٹر سجاد حسین سے کام کی سست روی و ناقص تعمیر پر ناخوشی کا اظہار کرتے ہوئے فوری تعمیر کرنے اور شہریوں کو سہولیات دینے کا حکم دے دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے عوامی شکایت پر شہر میں منشیات کی فراوانی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی آئی جی مکران ، ایس ایس پی گوادر اورمتعلقہ ذمے داروں کو ہدایت جاری کردیں کہ ایک ہفتے کے اندر اندر منشیات کے اڈوں کا مکمل خاتمہ کرکے مجھے رپورٹ پیش کریں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سی ایم ہاؤس گوادر میں کھلی کچہری سے خطاب کیا اور شہریوں سے ان کے مسائل سنے اور درخواستوں پر فوری احکامات جاری کر دیے۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ