سیسی کو بہتر سہولتوں کی فراہمی سے موثر بنایا جا سکتا ہے، شاہ محمد شاہ

135

سوشل سیکورٹی اسکیم کو موثر بنانے کا انحصار ادارے کی جانب سے فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی خدمات پر ہے کیونکہ میڈیکل سروسز ہی وہ بنیادی سہولت ہے جو سوشل سیکورٹی کی وجہ بنی۔ یہ بات وائس کمشنر سیسی شاہ محمد شاہ نے ادارے کے ڈاکٹروں کے لییمنعقدہ دو روزہ تربیتی کورس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹرٹریننگ اینڈ ریسرچ نشاط زیدی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ کورس میں مینجمنٹ کنسلٹنٹ سلمان عارف حسین، کنسلٹنٹ ڈرماٹو لوجسٹ ڈاکٹررضوان رفیق، کڈنی سینٹر کے ڈاکٹر خرم، گائناکولوجسٹ ڈاکٹرنسرین شلوانی اور ڈاکٹراعظم خان نے کمیونیکیشن اور مختلف پروفیشنل اسکلز پر لیکچر دیے۔ دو روزہ ٹریننگ کورس میں کراچی، حیدر آباد، کوٹری اور سکھر سے آئے ہوئے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ وائس کمشنر سیسی شاہ محمد شاہ نے ڈاکٹروں سے کہاکہ وہ اپنے رویے، انداز گفتگو اور طرز عمل سے نہ صرف مریضوں کی دلجوئی کرسکتے ہیں بلکہ ادارے کا امیج بھی بہتر بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اُن کا مریض ایک ایسے طبقہ سے تعلق رکھتا ہے جو پہلے ہی بہت سے سماجی اور معاشی مسائل کا شکار ہے۔ آپ کے مریضوں میں طبقاتی تنوع نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دور حاضر کی میڈیکل سائنس مریضوں کی نفسیات پر بہت زور دیتی ہے۔ لہٰذا آپ ذرا سی توجہ، محتاط رویے اور تھوڑی سی اپنائیت سے اپنے پیشے کے تقدس کو مزید دوام بخش سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مقابلے کے اس دور میں اپنی سروسز کو بہتر بنانے کا واحد راستہ اعلیٰ معیار ہی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے سیسی کے ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی کارکردگی کو سراہا اور کہاکہ یہ انسٹی ٹیوٹ ایسے تربیتی کورسز کا انعقاد کررہاہے جو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں اور آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ قبل ازیں ڈائریکٹر ٹریننگ نشاط زیدی نے کہاکہ ادارے کے تمام ہسپتالوں اور میڈیکل کے شعبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے اور اس ٹریننگ کورس کا مقصد بھی شرکاء کو طب کے شعبہ میں ہونے والی جدید پیش رفت سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر اب تک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے تحت246تربیتی پروگرامز منعقد کئے جاچکے ہیں جبکہ ڈاکٹرز کے لیے اپنی نوعیت کا42 واں کورس ہے۔ آخر میں مہمان خصوصی وائس کمشنر سیسی شاہ محمد شاہ نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ