رسول اللہؐ کی وصیتیں

148

موت سے عبرت لیجیے
حضرت ابو ذر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے انہیں وصیت فرمائی تو ان سے ارشاد فرمایا: قبروں کی زیارت کیا کرو اس سے تمہیں آخرت یاد آئے گی‘ مردوں کو نہلایا کرو کیوں کہ ویران جسم کو ہاتھ لگانا نہایت موثر نصیحت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ جنازوں کی نماز پڑھا کرو شاید اس سے تمہارے اندر غم و حزن پیدا ہو ۔ کیوں کہ غم زدہ شخص اللہ تعالیٰ کے سایے میں ہر بھلائی سے بہرہ اندوز ہوتا ہے ۔ ( حاکم)
پانچ چیزیں غنیمت جانیے
حضرت عبداللہ ؓ ابن عباس سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے ایک شخص کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:
5 چیزوں کو 5چیزوں سے پہلے غنیمت سمجھو ۔
جوانی کو بڑھاپے سے پہلے ‘صحت کو مرض سے پہلے، دولت کومحتاجی سے پہلے، فرصت کو مشغولیت سے پہلے اور زندگی کو موت سے پہلے ۔ (رواہ حاکم)
فرائض کی اہمیت
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ ایک دیہاتی عرب رسول اللہ ؐ کے پاس آیا اور عرض کیا : یا رسول اللہ ؐ! مجھے کوئی ایسا عمل بتا دیجیے جسے کرنے سے میں جنت میں جائوں ۔ آپ ؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائو۔ اور فرض نماز قائم کرو‘ فرض زکوٰۃ ادا کرو اور رمضان کے روزے رکھو ۔ اس نے کہا: اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے میں ان چیزوںمیں نہ کچھ زیادہ کروں گا نہ ان میں کوئی کمی کروں گا ۔ جب وہ چلا گیا تو رسول اللہ ؐ نے فرمایا: جس کو اس بات سے خوشی ہو کہ وہ کسی جنتی کو دیکھ لے تو وہ اس شخص کو دیکھ لے ۔ ( بخاری و مسلم)
کسی نیکی کو معمولی نہ سمجھیے
حضرت ابو ذر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ؐ نے مجھ سے فرمایا:نیکی کی کسی چیز کو معمولی و حقیر نہ سمجھو چاہے( وہ نیکی اتنی ہی ہو کہ )تم اپنے بھائی سے خندہ پیشانی کے ساتھ ملو)۔مسلم:2626
اللہ کے چاہنے کی علامت
حضرت زید الخیر ؓ سے روایت ہے کہ میں نے عرض کیا: یا رسول اللہ ؐ! مجھے بتائیں کہ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے اور جسے نہیں چاہتا اس کی کیا علامت ہے؟ آپ ؐ نے فرمایا: زید تمہارا کیا حال ہے؟ میں (نے) عرض کیا: میں بھلائی اور بھلائی والوں کو پسند کرتا ہوں اور اگر مجھ سے ہو سکے تو بھلائی کی طرف لپکتا ہوں اور اگر بھلائی نہ کر پائوں تو مجھے رنج ہوتا ہے اور بھلائی کا شوق دل میں ہوتا ہے۔ آپ ؐ نے فرمایا:’’ اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے یہی اس کی علامت ہے ۔ اگر وہ تمہارے لیے اس کے علاوہ کچھ اور چاہتا تو اس کے لیے تمہاری راہ ہموار کر دیتا۔‘‘

Print Friendly, PDF & Email
حصہ