بھارتی اشتعال انگیزی نہ تھم سکی ،فائرنگ سے مزید 2 شہری شہید 3 زخمی 

197

اسلام آباد(صباح نیوز)بھارتی فوج کی نکیال سیکٹر پربلا اشتعال فائرنگ سے خاتون سمیت دو شہری شہیداور 3زخمی ہوگئے جبکہ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہریوں کی شہادت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔دفتر خارجہ کے مطابق ایل او سی کے نکیال سیکٹر پر بھارت کی 18 چوکیوں سے بلااشتعال فائر نگ کی گئی جس کے نتیجے میں 33 سالہ دل محمد ولد جان محمد اور 25 سالہ نفیسہ زوجہ کامران شہید ہوگئیں جبکہ فائرنگ کے نتیجے
میں 6ماہ کی بچی اور 2 خواتین شدید زخمی ہوگئیں تھیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 26 سالہ صاحبہ زوجہ ماجد، چھ ماہ کی بچی نور دختر ماجد اور 38 سالہ نسیمہ زوجہ خادم حسین شامل ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جی پی سنگھ کو احتجاجی مراسلہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہری آبادی پر فائرنگ انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت 2003 ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے، بھارت سیز فائر کی خلاف ورزی کے پے درپے واقعات کی تحقیقات کرے اور اس کے نتائج سے آگاہ کرے، بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کام کرنے کی اجازت دے۔دفترخارجہ کیمطابق ایل اوسی اورورکنگ باؤنڈری پر20 اور21 جنوری کو بھارتی فورسزکی خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ