پہلا ون ڈے ‘ نیوزی لینڈنے پاکستان کو 61رنز سے ہرادیا

617
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے بولر قومی اوپنر بلے باز اظہر علی کے خلاف اپیل کرتے ہوئے‘ سرفراز احمد آؤٹ ہونے کے بعد پویلین کی جانب لوٹ رہے ہیں‘جب کہ حسن علی تیسری وکٹ لینے کے بعد پرجوش انداز میں
ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کے بولر قومی اوپنر بلے باز اظہر علی کے خلاف اپیل کرتے ہوئے‘ سرفراز احمد آؤٹ ہونے کے بعد پویلین کی جانب لوٹ رہے ہیں‘جب کہ حسن علی تیسری وکٹ لینے کے بعد پرجوش انداز میں

ویلنگٹن(جسارت نیوز ) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں کیویز نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے شکست دے دی، پاکستان اننگ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہا، 6رنز پر اظہر علی جب کہ 13رنز پر بابر اعظم پویلین لوٹ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 316رنز کا ہدف دیا تھا تاہم پاکستان ہدف کے تعاقب میں اننگ کے آغاز سے ہی مشکلات کا شکار رہا۔ 6رنز پر اظہر علی جب کہ 13 رنز پر بابر اعظم پویلین لوٹ گئے، 37رنز کے مجموعی اسکور پر محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی پویلین لوٹ چکے تھے۔ 57رنز پر سرفراز بھی لوٹ گئے ۔ اس موقع پر فخر زمان کا ساتھ دینے شاداب خان میدان میں آئے ، دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 132رنز تک پہنچایا تو شاداب ساتھ چھوڑ گئے، انہوں نے 28رنز کی اننگ کھیلی۔32 ویں اوور کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 166رنز تھا۔ کریز پر اوپنر فخر زمان82جب کہ فہیم اشرف 17رنز بنا کر موجود تھے۔ بارش کے باعث کھیل کو ختم کردیا گیا اور نیوزی لینڈ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61رنز سے فتح یاب قرار پایا۔اس سے قبل کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بنائے۔میچ کی ابتدا میں کیوی بلے بازوں مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے ٹیم کو 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، کولن منرو 58 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوئے، بعدازاں مارٹن گپٹل 48 رنز بناکر فخر زمان کی گیند پر کیچ آٹ اور روس ٹیلر 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، ٹام لیتھم صرف 3رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، سنچری بنانے والے کیوی کپتان کین ولیم سن 115رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کیچ دے بیٹھے اور کچھ دیر بعد ہی ہینری نکولس نصف سنچری بنا کر حسن علی کا شکار ہوگئے اس کے بعد کیوی کھلاڑی مچل سینٹنر صرف 7رنز بنا سکے اور محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ ٹم ساؤتھی 12رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے۔کین ولیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔میچ کے بعدگفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کیچز ڈراپ کرنے کو شکست کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ہمارے لیے ہمیشہ ہی مشکل ثابت ہوتی ہیں ، کیوی بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کی اور بالخصوص کین ولیمسن نے شاندار کھیل پیش کیا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم کیچز چھوڑیں گے تو میچ جیتنا اور مشکل ہوگا،امید ہے کہ ہم اب اگلے میچز کیلیے بہترحکمت عملی تیار کرکے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کریں گے ۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرا ون ڈے میچ 9 جنوری کو بیسن ریزرو اسٹیڈیم ویلنگٹن میں میں کھیلا جائیگا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ