نواز شریف کے پاس کوئی راز ہے تو ہم سے شیئر کریں، زرداری

84

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے نوازشریف کو پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے پاس کوئی راز ہیں تو ہمارے ساتھ شیئر کریں اور اگر پردے کے پیچھے کوئی سازشیں کر رہا ہے تو انہیں برطرف کریں، پیپلز پارٹی کبھی لائی نہیں گئی ہمیشہ عوام کے ووٹوں کے ذریعے منتخب ہوئی، اللہ نوازشریف کا عمرہ قبول کرے مگر ان کا دورہ سعودی عرب کامیاب نہیں رہا، جب پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری ہوا اس وقت نوازشریف کیوں نہیں
بولے؟۔ وہ بدھ کو سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے بھتیجے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ بھٹو صاحب کی سالگرہ کے موقع پر جلسہ کر رہے ہیں، جس میں نوازشریف کی جانب سے کیے گئے تمام سوالوں کے جواب دیں گے۔ نوازشریف کی حالت میں سمجھتا ہوں۔ حکومت بھی ان کی، مشینری بھی ان کی لیکن انہیں یہ نہیں پتا کہ انہیں نکالا کیوں گیا۔ 4 سال تک نوازشریف نے جو چھپائے رکھا کاش وہ ہمیں بھی نکالے جانے سے قبل بتا دیتے۔ ایک اور سوال کے جواب میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران نوازشریف کی طرف سے کیا گیا عمرہ اللہ قبول کرے مگر جس کام کیلیے وہ گئے تھے وہ پورا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔

Print Friendly, PDF & Email
حصہ