کوئٹہ ، ڈیزل اسمگل کرنیوالے آئل ٹینکر ایف سی گاڑی کو ٹکر 

642

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع خاران میں ایرانی ڈیزل اسمگل کرنے والے آئل ٹینکر ڈرائیور نے تعاقب کرنے پر ایف سی اہلکاروں کی گاڑی پر ٹینکر چڑھادیا۔ حادثے میں5 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔ آئل ٹینکر ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگئے۔ایف سی حکام کے مطابق واقعہ خاران کے علاقے پتکین میں پیش آیا جہاں گشت میں مصروف ایف سی اہلکاروں نے ایک آئل ٹینکر کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے آئل ٹینکر بھگا دیا تو ایف سی اہلکاروں نے تعاقب شروع کردیا۔ اس دوران ایف سی اہلکاروں نے اپنی گاڑی ٹینکر کے آگے لاکر اسے روکنے کی کوشش کی تاہم ڈرائیور نے رکنے کے بجائے ٹینکر ایف سی کی گاڑی پر چڑھا دیا۔ حادثے میں ایف سی کی گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار نائب صوبیدار سمیت 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد ٹینکر کا ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگئے۔ ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشیں اسپتال پہنچائیں اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کردیں۔علاوہ ازیں بلوچستان کے راستے غیر قانونی طور پر ایران، ترکی اور یورپی ممالک جانے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ایف آئی اے کے مطابق رواں سال قانونی دستاویزات کے بغیر ایران اور یورپی ممالک جانے کی کوشش کے دوران1620 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ 2017ء میں ایران نے غیرقانونی طور پر اپنی حدود میں داخل ہونے والے21ہزار پاکستانیوں کو گرفتار کرکے ڈی پورٹ کیا جبکہ گزشتہ سال39 ہزار افراد کو ڈیپورٹ کیاگیا تھا۔ اس طرح ایران سے ڈی پورٹ ہونے والوں کی تعداد میں سالانہ 26 فیصد تک کمی آئی ہے۔